انڈر-19 ایشیا کپ کرکٹ: ہندوستان اور پاکستان دونوں نے سیمی فائنل میں بنائی جگہ

ہرنور اور باوا نے کی شاندار بلے بازی سے افغانستان کو شکست دے کر ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی، اور پاکستانی ٹیم نے یو اے ای کو 21 رن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دبئی: ہندوستانی اوپنرز بلے باز ہرنور سنگھ اور راج باوا کی شاندار بلے بازی کی بدولت ہندوستانی مردوں کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم پیر کو یہاں اپنے آخری سنسنی خیز گروپ مرحلے میں افغانستان کو چار وکٹوں سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ 2021 کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے افغانستان نے کپتان سلیمان سیفی اور اعزاز احمد احمدزئی کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنائے۔ تاہم ہندوستان نے سنسنی خیز میچ 48.2 اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنا کر جیت لیا اور ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں داخل ہو گیا۔

دبئی کی پچ پر 260 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم نے شاندار آغاز کیا۔ انفارم اوپنر ہرنور سنگھ نے ساتھی اوپنر انگ کرش رگھونشی کے ساتھ پہلے وکٹ کے لیے 104 رنز کی شراکت قائم کی جس نے میچ کا رخ پوری طرح سے ہندوستان کے حق میں کر دیا، تاہم مسلسل چند وکٹیں گرنے کے بعد ہندوستان کی حالت خراب ہونے لگی۔ 104 پر ایک وکٹ گرنے کے بعد 116 کے اسکور پر ہندوستان کو مزید دو جھٹکے لگے لیکن پھر فارم میں چل رہے آل راؤنڈر راج باوا نے ذمہ داری سنبھالی اور کوشل تامبے کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلائی۔


ہرنور نے 74 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 65، راج باوا نے 2 چوکوں کی مدد سے 55 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 43، کوشل تامبے نے 29 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 35 اور انگ کرش نے 5 چوکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر 35 رن بنائے۔ باوا اور کوشل نے راجیہ وردھن ہنگرگیکر اور وکی اوستوال کے ساتھ گیند بازی میں ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

افغانستان کی جانب سے آل راؤنڈر اعجاز احمد احمدزئی نے 68 گیندوں پر ایک چوکے اور 7 چھکوں کی مدد سے طوفانی 86 رنز بنائے جبکہ کپتان سلیمان سیفی نے 86 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 77 رنز بنائے۔ بالنگ میں سب سے زیادہ چار وکٹیں نور احمد نے حاصل کئے۔ ان کے علاوہ بلال سمیع اور خلیل احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔


دوسری طرف کپتان قاسم اکرم کی آل راؤنڈ کارکردگی (50 رن، 52 پر 3 وکٹیں) کی بدولت مردوں کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے پیر کے روز یہاں اپنےآخری گروپ مرحلہ میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 21 رن سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ 2021 کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 219 رن بنائے جبکہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کے کپتان قاسم اکرم نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو شاندار جیت دلاتے ہوئے سیمی فائنل میں داخلہ دلایا۔ انہوں نے سب سے زیادہ تین وکٹیں لیں اور اس سے پہلے شاندار نصف سنچری اننگز کھیلی۔ انہوں نے 67 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 50 رن بنائے۔ ان کے علاوہ حسیب اللہ خان نے 39 اور احمد خان نے شاندار 34 رن بنائے۔ جبکہ محمد ذیشان، مہران ممتاز اور صداقت نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔


یو اے ای کی جانب سے کائی اسمتھ نے سب سے زیادہ 38 رنز بنائے جبکہ گیندبازی میں ایان افضل خان نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے گروپ مرحلے کے اپنے تینوں میچ جیتے اور گروپ اے میں سرفہرست رہ کر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔