جمعیۃ علماء جہیز و نشہ کے خلاف میدان میں اتری، جہیز لینا اور دینا دونوں گناہ قرار

جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کے استاذ مفتی جنید احمد قاسمی نے کہا کہ قرآن و حدیث کی روشنی میں بحثیت مفتی یہ فتویٰ دیتا ہوں کہ جہیز لینا حرام ہے اور موجودہ ماحول میں دینا بھی گناہ ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

رانی گنج: ملک اور خاص طور پر بہار میں نشہ اور جہیز کی لعنت کے خلاف جہد مسلسل کا اعلان کرتے ہوئے جمعیۃ علمائے ہند رانی گنج ارریہ نے عہد کیا ہے، اس وقت تک یہ مہم جاری رکھیں گے، جب تک کہ سماج سے جہیز اور نشہ کی لعنت ختم نہیں ہوجاتی۔ یہ بات جمعیۃ علمائے بہار کے نائب صدر اور ارریہ اصلاح معاشرہ کے سربراہ مفتی اطہر القاسمی نے جمعیۃ علماء رانی گنج کے زیر اہتمام جہیز اور نشہ مخالف اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے اپنا دامن پھیلاتے ہوئے کہا کہ سماج کے نوجوانوں کے ساتھ ان کے بوڑھے والدین اور رشتے دار برسوں سے جہیز میں بھیک مانگتے پھر رہے ہیں، ہم آج آپ سب سے جہیز کے کاروبار سے ہمیشہ کے لئے توبہ کرنے کی بھیک مانگنے آئے ہیں۔ آپ ہم سے جو قیمت لینا چاہیں لے لیں، مگر خدارا ہمیں یہ بھیک دے دیں۔ انہوں نے انتہائی جذباتی انداز میں کہا کہ چلئے ہم مسجد کی سیڑھیوں پر لیٹ جاتے ہیں اور آپ میرے سینے پر جوتے پہن کر پار کرجائیں میں اف نہیں کروں گا لیکن آج آپ اللہ کے پاک گھر میں اللہ کا پاک نام لیکر صرف ایک وعدہ کرلیجیے کہ آج سے مرتے دم تک جہیز کا کاروبار نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ جب تک سماج سے یہ فتنہ ختم نہیں ہوجاتا تحریک جاری رہے گی۔


پھر عہد و پیمان کے بعد مفتی اطہر نے طریقہ کار بتایا کہ بلاک جمعیۃ کی نگرانی میں پنچایت کی جمعیۃ ایک اصلاح معاشرہ کمیٹی بناکر جن لڑکوں کے گھر شادی کی تاریخ طے ہو وہاں جاکر انتہائی منت سماجت اور پیار ومحبت کے ساتھ انہیں بغیر لین دین اور شادی کے تمام تر لوازمات کے بجائے مسنون انداز میں نکاح کی پیشکش رکھے گی اور جب تک نکاح ہو نہ جائے کوششیں جاری رکھیں۔ اگر نکاح سے ایک دن پہلے تک بھی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی پیشکش کو لڑکے والوں کے ذریعے قبول کر لیا گیا تو جامع مسجد سے جمعہ کے دن ایسے مسنون نکاح کرنے والے لڑکے اور ان کے والدین و رشتے داروں کو مبارکباد دی جائے گی ورنہ پوری کمیٹی ان کی شادی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ان کی دعوت اور بارات وغیرہ میں شرکت نہیں کرے گی۔

جمعیۃ علماء بلاک رانی گنج کے سکریٹری مفتی دلشاد احمد نعمانی نے مختلف علاقوں سے آئے تمام حاضرین اور ضلعی جمعیۃ کے مہمانان کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے سبھوں کا شکریہ ادا کیا۔ جمعیۃ علماء ارریہ کے نائب صدر مولانا شاہد عادل قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کوئی عام تنظیم نہیں بلکہ یہ ایک خاص فکر کے ساتھ سوسال پہلے قائم ہوئی تھی اور آج بھی اس جماعت کے موجودہ اکابرین اسی فکر کے ساتھ میدان عمل میں ملک و ملت کے حق میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ جہیز و نشہ مخالف مہم بھی اسی فکر کا نتیجہ ہے جسے ہم سب کو آپس میں مل جل کر کامیابی سے ہمکنار کرنا ہے۔


جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کے استاذ مفتی جنید احمد قاسمی نے کہا کہ قرآن وحدیث کی روشنی میں بحثیت مفتی یہ فتویٰ دیتا ہوں کہ جہیز لینا حرام ہے اور موجودہ ماحول میں دینا بھی گناہ ہے۔ انہوں نے مفکر اسلام حضرت مولانا سید محمد ولی صاحب رحمانی نور اللہ مرقدہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ فرماتے تھے کہ لوگ میرے پاس تعویذ لینے کے لئے آتے ہیں، وہ یہ سمجھتے ہیں کہ بچے پر جن یا آسیب ہے حالانکہ بات دراصل یہ ہے کہ دل دکھا کر جہیز لینے کی نحوست کی وجہ سے یہ بچے ناقص اور ادھورے پیدا ہو رہے ہیں۔

یو این آئی اردو کے سینئر صحافی عابد انور (قاسمی) دہلی نے کہا کہ آپ اپنے اندر ایک سوچ پیدا کیجئے کہ کیا غلط ہے اور کیا صحیح ہے؟ آپ سے ایک سوال ہے کہ کیا آپ واقعی مسلمان ہیں؟ اگر ہیں تو جمعیۃ کو جہیز و نشہ مخالف مہم چلانے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ کاش ہم سچے پکے مسلمان ہوتے تو آج ہماری حالت چوک چوراہے پر پڑے ہوئے اس پتھر کے ٹکڑوں کی مانند نہیں ہوتی جنہیں جب جو چاہتا ہے ٹھوکریں مارکر آگے بڑھ جاتا ہے۔


جمعیۃ علماء ارریہ کے صدر ڈاکٹر عابد حسین نے کہا کہ جس طرح مسجد کے سارے بلب ایک کنکشن کی وجہ سے روشن ہیں اسی طرح ہمارا ایمان جب پختہ ہوجائے گا تو ایمانی رشتہ کی مضبوطی کی وجہ سے دل منور ہوگا اور سماج سے خود بخود یہ بیماریاں دور ہوجائیں گی۔ نائب صدر جمعیۃ علماء ارریہ مفتی ہمایوں اقبال ندوی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ارریہ جو پیغام آپ کے گھر تک لے کر آئی ہے وہ شریعت کا بھی پیغام ہے اور ریاستی حکومت کا بھی فرمان ہے یہ خوشی کی بات ہے۔ آج ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم شریعت کے پیغام کو بھی قبول کریں گے اور حکومت کے اس قانون کو بھی مانیں گے۔

جہیز و نشہ مخالف مہم کے اس بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء بلاک ارریہ کے سیکریٹری مفتی محمد خالد قاسمی نے کہا کہ ہم آج یہاں تقریر سننے نہیں آئے ہیں بلکہ سماج میں جہیز ونشہ کی جو دو مہلک بیماریاں پھیلی ہوئی ہیں وہ ختم کیسے ہوگی؟ اس کا لائحہ عمل تیار کرنے اور اس پر عمل کرتے ہوئے سماج کو ان دونوں برائیوں سے پاک کرنے کا عزم مصم کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں۔


اجلاس سے خطاب کرنے والوں میں جمعیۃ علماء ارریہ کے نائب صدر مولانا فاروق مظہری فاربس گنج، جمعیۃ علماء رانی گنج کے نائب سکریٹری مولانا محمد ساجد حسین ندوی، مسجد کے امام و خطیب مولانا محمد شفیع مفتاحی، حافظ حسیب الرحمن مفتاحی، مکھیا مولانا فاروق و مولانا مجاہد الاسلام قاسمی قابل ذکر ہیں، جبکہ دیگر اہم شرکاء میں جمعیۃ علماء بلاک فاربس گنج سے مولانا غیاث الدین نعمانی، مولانا عبد الجبار ندوی اور ماسٹر محمد عمر حسین بھی موجود تھے۔

اجلاس میں جمعیۃعلماء بہار کے نائب صدر، شعبہ اصلاح معاشرہ جمعیۃ علماء ارریہ کے صدر مفتی محمد اطہرالقاسمی کی بنیادی دینی تعلیم پر مشتمل نئی کتاب ’اسلامی آداب‘ اور جامعہ خانقاہ رحمانی مونگیر کے معروف استاذ مفتی جنید احمد قاسمی کی کتاب ’مروجہ سودی معاملات نقل و عقل کی روشنی‘ میں، کا رسم اجراء بھی عمل میں آیا۔ اجلاس کو کامیاب بنانے میں جمعیۃ علماء بلاک رانی گنج کے مذکورہ بالا ذمہ دارن کے علاوہ نائب سکریٹری قاری شاہنواز عالم، نائب صدر مولانا ارشاد قاسمی، خازن امانت علی خان، مولانا داؤد ندوی، قاری امتیاز احمد، حافظ محمد حنیف وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ بزرگ عالم دین مولانا دلاور مفتاحی بھی شریک تھے۔


اجلاس کا آغاز مولانا محمد آصف قاسمی ہرپوری کی تلاوت اور شاعر اسلام قاری قمر الزماں نعمانی و حافظ حسنین کی نعت رسول سے ہوا جبکہ اجلاس کی نظامت کے فرائض جمعیۃ علماء بلاک رانی گنج کے صدر بزرگ عالم دین مفتی نعیم الدین ندوی نے بحسن وخوبی انجام دیا۔ واضح رہے کہ جمعیۃ علمائے ہند نے نشہ اور جہیز کے خلاف مہم چھیڑ رکھی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔