دہلی میں پانی بھرنے کے بعد اپنے سامنے کاندھوں پر اٹھائے لوگ / قومی آواز / وپن
بارش نے دہلی سے لے کر جموں و کشمیر تک تباہی مچا رکھی ہے۔ لگاتار بارش اور ڈیم سے پانی چھوڑے جانے کے سبب دہلی سے گزرنے والی جمنا ندی خطرناک سطح کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دہلی-این سی آر میں 6 ستمبر تک بارش جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دہلی کے ساتھ ساتھ اتر پردیش، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش اور جموں سمیت پورے شمالی ہندوستان میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
Published: undefined
اتر پردیش میں جہاں بارش اب تک آفت بنی ہوئی تھی، وہاں اب کچھ راحت ملنے کے آثار ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون کی رفتار کچھ کمزور پڑی ہے۔ آج جمعرات 4 ستمبر سے مشرقی اتر پردیش میں موسم صاف رہنے کا امکان ہے، جبکہ مغربی حصے کے کچھ اضلاع میں ہلکی بارش اور بادلوں کی آمدورفت جاری رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 4 ستمبر سے اگلے 24 گھنٹوں میں ریاست کے مختلف اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2 ڈگری سیلسیس تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس کے بعد کسی بڑے اتار چڑھاؤ کا امکان نہیں ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت آئندہ پانچ دنوں تک تقریباً یکساں رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
Published: undefined
بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) کے ماہر موسمیات پروفیسر منوج کمار شریواستو نے کہا ہے کہ فی الحال یوپی میں مانسون کی رفتار تھمی ہوئی ہے لیکن اگلے تین سے چار دنوں میں دوبارہ اچھی بارش ہونے کے امکانات ہیں، جس سے ریاست کے کئی حصوں میں درجہ حرارت میں کمی آئے گی اور موسم خوشگوار ہو جائے گا۔
دوسری طرف راجستھان میں مانسون کی بارش دو دنوں تک اور جاری رہنے کی امید ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق 4 اور 5 ستمبر کے بعد مانسون پھر سے کمزور پڑ جائے گا۔ ان دو دنوں میں مشرقی راجستھان کے سبھی اضلاع میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ مغربی حصوں میں بارش کی شدت کم رہے گی۔ محکمے نے ریاست کے 30 اضلاع میں بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
Published: undefined
جموں و کشمیر میں بھی بارش نے حالات کو سنگین بنا دیا ہے۔ مسلسل ہورہی بارش سے ندی نالوں کا پانی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ جمعرات کے دن بھی بارش کا امکان ہے۔ ساتھ ہی بعض علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اور بادل چھائے رہنے کا اندازہ ہے۔
پنجاب میں بھی بارش کے باعث صورتحال خراب ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے یہاں موسم میں تبدیلی آئے گی اور بارش کا زور کچھ کم ہو گا۔ مگر ریاست میں گزشتہ دنوں ہوئی موسلا دھار بارش اور کئی اضلاع میں سیلاب کی وجہ سے حکومت نے پنجاب کو ’آفت زدہ ریاست‘ قرار دے دیا ہے۔ حکومت نے حفاظتی اقدام کے طور پر تمام اسکول اور کالجز 7 ستمبر تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
Published: undefined
یوں شمالی ہندوستان کے کئی ریاستوں میں بارش نے عام زندگی کو متاثر کیا ہے۔ کہیں آفت اور نقصان کی صورت میں حالات بگڑ رہے ہیں تو کہیں وقتی طور پر تھوڑی راحت ملنے کے اشارے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آئندہ دنوں میں موسم کے بدلتے مزاج پر سبھی کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز