ملک کے کئی حصوں میں طوفانی بارش و بادل پھٹنے سے تباہی، درجنوں ہلاکتیں، قومی شاہراہیں بند، آئی ایم ڈی کا نیا الرٹ
جموں، ہماچل، پنجاب، راجستھان، اتر پردیش و دیگر ریاستوں میں شدید بارش و سیلاب، درجنوں اموات، کئی شاہراہیں بند۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے میں مزید موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی

نئی دہلی: ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارش اور بادل پھٹنے سے عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، پنجاب، راجستھان، اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور اوڈیشہ سمیت کئی ریاستوں میں شدید بارش اور سیلابی صورتحال نے تباہی مچا دی۔ حکام کے مطابق اب تک درجنوں افراد کی جان جا چکی ہے جبکہ کئی قومی شاہراہیں زمین کھسکنے اور پانی بھرنے کی وجہ سے بند کر دی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اگلے 24 گھنٹوں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش، شمالی پنجاب، شمالی ہریانہ، مشرقی راجستھان، اتر پردیش کے کچھ حصے، مدھیہ پردیش اور اوڈیشہ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق خلیج بنگال میں بنے ہوا کے کم دباؤ کے اثر سے اوڈیشہ اور مضافاتی علاقوں میں بارش مزید بڑھ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب کے بارہ اضلاع سیلاب سے بری طرح متاثر، ریاست میں تباہی
ہماچل پردیش میں 100 سے زیادہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور آٹھ اضلاع میں بادل پھٹنے اور سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ جموں میں مسلسل بارش سے مکان گرنے کے واقعات پیش آئے جن میں ماں بیٹی کی جان گئی، جبکہ کئی دیہات میں درجنوں لوگ پھنس گئے۔ چناب ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جس کی وجہ سے جموں-سرینگر قومی شاہراہ سمیت متعدد اہم راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
چھتیس گڑھ کے بلرام پور ضلع میں ایک چھوٹے ڈیم کا حصہ ٹوٹنے سے اچانک آئے سیلاب کے سبب چار افراد ہلاک اور تین لاپتہ ہو گئے۔ انتظامیہ نے مزید ہلاکتوں کے خدشے کے پیش نظر امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ راجستھان میں بھی موسلا دھار بارش کے سبب محکمہ موسمیات نے بیک وقت یلو اور اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ کوٹہ، اجمیر، اودے پور اور بھرت پور ڈویژن میں اگلے دو روز تک بھاری بارش کی پیش گوئی ہے۔
محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر نہ کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔