قومی خبریں

شدید سردی کی پیش گوئی، محکمہ موسمیات نے دہلی، یوپی اور بہار کے لیے جاری کردیا الرٹ

ماہر موسمیات اتل کمار سنگھ نے کہا کہ درجہ حرارت میں گراوٹ، جو ریاست میں سرد مغربی اور شمال مغربی ہواؤں کے اثر سے شروع ہوئی ہے، آنے والے دنوں میں تیز ہو سکتی ہے۔

سرد لہر، تصویر آئی اے این ایس
سرد لہر، تصویر آئی اے این ایس 

نومبر کے آخری ہفتے میں ہی سرد موسم نے پورے ملک کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔ شمالی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت مسلسل گر رہا ہے، جبکہ کئی جنوبی ریاستوں میں بارش متوقع ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے راجدھانی دہلی کے علاوہ اتر پردیش اور بہار سمیت کئی ریاستوں کے لیے نیا اپ ڈیٹ جاری کیا ہے۔ دہلی میں آج (23 نومبر) سے سردی بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ صبح کے وقت ہلکی دھند چھائی رہی تاہم دن کے وقت موسم صاف رہا۔ وہیں صبح اور رات کے وقت سردی زیادہ ہوگی۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔ ہوا کی رفتار10-15 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے۔

Published: undefined

اتر پردیش میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لی ہے۔ ماہر موسمیات اتل کمار سنگھ نے کہا کہ درجہ حرارت میں گراوٹ، جو ریاست میں سرد مغربی اور شمال مغربی ہواؤں کے اثر سے شروع ہوئی ہے، آنے والے دنوں میں تیز ہو سکتی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ریاست میں موسم کا کوئی فعال نظام نہ ہونے کی وجہ سے ٹھنڈی ہواؤں کے اثرات محسوس کیے جا رہے ہیں۔ اگلے چار سے پانچ دنوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں بتدریج 2-3 ڈگری سیلسیس کی کمی متوقع ہے۔

Published: undefined

اس دوران دونوں خطوں کے بعض علاقوں میں درمیانے درجے کا کہرا پڑنے کی توقع ہے۔ علی گڑھ، آگرہ، کانپور اور امیٹھی میں درمیانے درجہ کا کہرا درج کیا گیا ہے۔ وہیں ایودھیا، کشی نگر، وارانسی، اعظم گڑھ اور گورکھپور میں ہلکا کہرا نظر آیا۔ ریاست کی راجدھانی لکھنؤ میں بھی صبح کے وقت تقریباً 800 میٹر کی حدبصارت کے ساتھ ہلکا کہرا ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھروں سے نکلتے وقت احتیاط برتیں اور دھند کے دوران گاڑی آہستہ کریں۔ ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے اگلے چند دنوں تک ریاست میں صبح اور شام کے اوقات میں سردی بڑھنے کا امکان ہے۔

Published: undefined

اسی طرح اتر پردیش سے متصل بہار میں آہستہ آہستہ سرد موسم نے اپنا اثر دکھانا شروع کردیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے۔ لوگوں کو اس ہفتے مزید سردی کا سامنا کرنے کی توقع ہے۔ شمالی بہار کے کئی علاقوں میں بھی دھند چھائی ہوئی ہے۔ پورنیا میں آج صبح کم سے کم حد بصارت 800 میٹر ریکارڈ کی گئی۔ پٹنہ موسمیاتی مرکز کا کہنا ہے کہ آج سے بہار کے زیادہ تر اضلاع میں رات کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری کی کمی ہو سکتی ہے۔

Published: undefined

آئی ایم ڈی کے مطابق ہماچل پردیش کے منالی میں سردی اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ درجہ حرارت 2 ڈگری تک گر سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری سیلسیس ہوسکتا ہے۔

Published: undefined