راہل گاندھی کی 16 روزہ ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ آخری مرحلے میں، کل پٹنہ میں مارچ کے ساتھ ہوگا اختتام
راہل گاندھی کی قیادت میں 16 روزہ ووٹر ادھیکار یاترا اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گئی۔ یہ یاترا 25 اضلاع سے گزرتے ہوئے کل پٹنہ میں گاندھی سے امبیڈکر مجسمہ تک مارچ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی

پٹنہ: کانگریس رہنما راہل گاندھی کی قیادت میں جاری ’ووٹر ادھیکار یاترا ‘ اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ 16 روزہ اس اہم سیاسی مہم کا باضابطہ اختتام کل پیر کے روز ہوگا، جب پٹنہ میں ایک مارچ کے ذریعے یاترا مکمل کی جائے گی۔ یہ مارچ گاندھی میدان میں واقع مہاتما گاندھی کے مجسمے سے شروع ہوگا اور ہائی کورٹ کے قریب بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے تک پہنچے گا۔
یہ یاترا 17 اگست کو سہسرام سے شروع ہوئی تھی اور اب تک بہار کے 25 اضلاع اور 110 سے زیادہ اسمبلی حلقوں سے گزرتے ہوئے تقریباً 1300 کلومیٹر کا سفر طے کر چکی ہے۔ عوامی حمایت کے لحاظ سے یہ مہم مہاگٹھ بندھن کے لیے ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔ مختلف مقامات پر عوام نے اس کا روایتی اور جوشیلے انداز میں استقبال کیا، گھوڑوں، بگھیوں اور بینڈ باجوں کے ساتھ بھی جلوس کو خوش آمدید کہا گیا۔
یاترا کے دوران راہل گاندھی اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے بی جے پی، وزیر اعظم نریندر مودی اور الیکشن کمیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ جگہ جگہ عوامی جلسوں میں ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ کے نعرے لگائے گئے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ یہ تحریک صرف بہار تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے ملک میں پھیلے گی اور اب بی جے پی کو ووٹوں اور انتخابات کی چوری نہیں کرنے دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جدوجہد صرف ووٹوں کے تحفظ کی نہیں بلکہ عوامی حقوق کی بحالی کی ہے۔
یاترا میں وقتاً فوقتاً مختلف قومی اور علاقائی رہنما بھی شامل ہوتے رہے۔ 14ویں دن سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے شرکت کر کے کہا کہ بہار کے عوام کو چاہیے کہ وہ بی جے پی کو اسی طرح شکست دیں جیسے اودھ (اتر پردیش) میں عوام نے دی۔ اس سے پہلے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، کانگریس کی ریاستی حکومتوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر سینئر رہنما بھی شریک ہو چکے ہیں۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے دعویٰ کیا کہ بہار کے عوام نے اس یاترا کو تاریخی حمایت دی ہے اور یہ اسمبلی انتخابات میں مہاگٹھ بندھن کی کامیابی کی بنیاد ثابت ہوگی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ مہم آنے والے اسمبلی انتخابات کے لیے اپوزیشن اتحاد کا سب سے بڑا طاقتور پیغام ہے، جس نے انتخابی ماحول کو گرما دیا ہے۔
کل کے مارچ کو یاترا کا فیصلہ کن لمحہ سمجھا جا رہا ہے، جہاں راہل گاندھی اور اتحادی رہنما اپنی عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ یہ مارچ نہ صرف اس جدوجہد کے اختتام کی علامت ہوگا بلکہ انتخابی معرکے سے قبل اپوزیشن کے اتحاد اور عزم کا بھی اظہار کرے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔