غریبوں کے راشن اور بزرگوں کی پنشن میں تخفیف کے لیے ’پی پی پی‘ کو اسلحہ بنا رہی کھٹر حکومت: بھوپندر ہڈا

ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا نے ہفتہ کے روز کہا کہ بی جے پی-جے جے پی حکومت نے غریبوں کے راشن کارڈ اور بزرگوں کی پنشن میں تخفیف کے لیے ’پی پی پی‘ کو ہتھیار بنایا ہے۔

بھوپندر ہڈا
بھوپندر ہڈا
user

قومی آوازبیورو

ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ اور حزب مخالف لیڈر بھوپندر سنگھ ہڈا نے ہفتہ کے روز کہا کہ بی جے پی-جے جے پی حکومت نے غریبوں کے راشن کارڈ اور بزرگوں کی پنشن میں تخفیف کے لیے ’پریوار پہچان پتر‘ (پی پی پی) کو اسلحہ بنا دیا ہے۔ انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’’بغیر کسی جانکاری اور جانچ کے حکومت اندھا دھند لوگوں کی پنشن اور راشن روک رہی ہے۔ پی پی پی میں بے ترتیب اور بے بنیاد آمدنی دکھا کر اب تک تقریباً 5 لاکھ بزرگوں کی پنشن اور تقریباً 10 لاکھ غریب کنبوں کے راشن کارڈ ہٹا دیے گئے ہیں۔

بزرگ اور غریب کنبہ اب سرکاری دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں، لیکن انھیں کوئی راحت نہیں مل پا رہی ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی پی پی میں سنگین خامیاں ہیں۔ دہلی پولیس میں 10 سال سے کام کر رہے ایک شخص کو بی پی ایل لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے اور غریب بیوہ خواتین کے نام اس لسٹ سے ہٹا دیے گئے ہیں۔ حکومت کے فلاحی منصوبوں کے سہارے اپنی زندگی گزارنے والے غریب کنبوں کی فیملی شناختی کارڈ میں لاکھوں کی آمدنی دکھائی گئی۔


بھوپندر ہڈا نے کہا کہ ایسی کئی مثالیں دیکھنے کو مل رہی ہیں کہ ریہڑی-پٹری والوں اور چائے فروخت کرنے والوں کی آمدنی بھی سرکاری ملازمین کی آمدنی سے زیادہ دکھائی گئی ہے۔ حکومت نے بغیر کسی جانچ اور جانکاری کے فیملی آئی ڈی میں لوگوں کی آمدنی کا کالم بھر دیا۔ حکومت کے پاس فیملی کارڈ پر جانکاری سرٹیفکیشن کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔ ہڈا نے کہا کہ پی پی پی کی آڑ میں نہ صرف پنشن اور راشن بلکہ غریبوں کو حکومت کے تمام فلاحی منصوبوں کے فائدہ سے محروم کیا جا رہا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ غریب کنبوں کو آیوشمان یوجنا سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔ یہ ایشو کانگریس نے اسمبلی میں بھی اٹھایا تھا اور ہم نے حکومت کو دلائل کے ساتھ بتایا کہ پی پی پی (پریوار پہچان پتر) اور سمپتی پہچان پتر (ملکیت شناختی کارڈ) میں کس طرح سے بڑے پیمانے پر گڑبڑی ہو رہی ہے۔ حکومت کی غلطی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، لیکن حکومت سب کچھ جانتے ہوئے بھی انجان ہونے کا ڈرامہ کرتی رہی۔ حکومت کی پالیسیوں کے اثر سے ریاست کا ہر طبقہ پریشان ہے۔


ہڈا نے دہرایا کہ کانگریس کی حکومت بننے پر لوگوں کو پی پی پی اور سمپتی پہچان پتر جیسی مسائل سے آزادی ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہر اہل بزرگ کو خود سے اعلان کردہ آمدنی کی بنیاد پر پنشن دی جائے گی اور غریب کنبوں کو پیلا راشن کارڈ دیا جائے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔