قومی خبریں

بی جے پی آپ کو غلام بنانے کی کوشش کر رہی ہے، آپ کو ان سے لڑنا ہوگا: راہل گاندھی

آپ ہی اس ملک کو چلاتے ہیں، آپ ہی اس ملک کو آگے لے جاتے ہیں اور آپ کے خلاف ہی سازش ہو رہی ہے۔ آپ کو ٹھگا جا رہا ہے اور آپ کو غلام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

راہل گاندھی
راہل گاندھی 

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ملک کی تباہ ہو رہی معیشت پر عوام کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے اس ویڈیو پیغام میں صاف لفظوں میں کہا ہے کہ ’’بی جے پی حکومت نے غیر منظم معیشت پر حملہ کیا ہے اور آپ کو غلام بنائے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سال 2008 میں پوری دنیا میں زبردست معاشی طوفان آیا۔ یہ طوفان امریکہ، جاپان، یوروپ ، چین سمیت پوری دنیا میں آیا۔ امریکہ کے بینک تباہ ہو گئے، کمپنیاں بند ہو گئیں۔ ایک کے بعد ایک کمپنیوں کے بند ہونے کی لائن لگ گئی۔ یوروپ کے بینک برباد ہوئے لیکن ہندوستان کو کچھ نہیں ہوا۔ یو پی اے کی حکومت تھی میں وزیر اعظم منموہن سنگھ کے پاس گیا اور ان سے کہا کہ پوری دنیا میں معاشی نقصان ہوا ہے لیکن ہندوستان کو کوئی اثر نہیں ہوا، اس کی وجہ کیا ہے۔‘‘

Published: 31 Aug 2020, 11:38 AM IST

راہل گاندھی نے بتایا کہ منموہن سنگھ جی نے کیا کہا ’’راہل اگر ہندوستان کی معیشت کو سمجھنا چاہتے ہو تو یہ سمجھنا ہوگا کہ ہندوستان میں دو معیشتیں ہیں، پہلی غیر منظم معیشت اور دوسری منظم معیشت، منظم معیشت میں بڑی کمپنیاں ہیں اور ان کے نام آپ جانتے ہو۔ غیر منظم معیشت میں کسان، مزدور، چھوٹے دوکاندار، درمیانہ درجہ کی کمپنیاں۔ جس دن تک ہندوستان کی غیر منظم معیشت مضبوط ہے اس دن تک ہندوستان کو کوئی بھی اقتصادی طوفان چھو بھی نہیں سکتا۔‘‘

Published: 31 Aug 2020, 11:38 AM IST

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’اب آج کے دن آتے ہیں گزشتہ چھ سال سے بی جے پی سرکار نے ملک کی غیر منطم معیشت پر حملہ کیا ہے۔ تین بڑی مثالیں تو میں آ پ کو ابھی بتا دیتا ہوں۔ نوٹ بندی، غلط جی ایس ٹی اور لاک ڈاؤن یہ تین مثالیں ہیں۔ آپ یہ مت سوچیے کہ لاک ڈاؤن کے پیچھے سوچ نہیں تھی، یہ مت سوچیے کہ غلطی سے آخری منٹ پر لاک ڈاؤن کر دیا گیا تھا۔ ان تینوں کا ہدف ہمارے غیر منظم شعبہ کو ختم کرنے کا ہے۔‘‘

Published: 31 Aug 2020, 11:38 AM IST

راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’وزیر اعظم جی کو اگر سرکار چلانی ہے تو میڈیا کی ضرورت ہے، مارکیٹنگ کی ضرورت ہے اور میڈیا مارکیٹنگ پندرہ بیس لوگ کرتے ہیں۔ غیر منظم شعبہ میں لاکھوں کروڑ روپے ہیں، جس کو یہ لوگ چھو نہیں سکتے اس کو یہ لوگ توڑنا چاہتے ہیں، پیسہ لینا چاہتے ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ ہندوستان روزگار پیدا نہیں کر پائے گا، کیونکہ غیر منظم شعبہ 90 فیصد سے زیادہ روزگار دیتا ہے۔ جس دن غیر منظم شعبہ ختم یا تباہ ہو گیا اس دن ہندوستان روزگار پیدا نہیں کر پائے گا۔ آپ ہی اس ملک کو چلاتے ہیں، آپ ہی اس ملک کو آگے لے جاتے ہیں اور آپ کے خلاف ہی سازش ہو رہی ہے۔ آپ کو ٹھگا جا رہا ہے اور آپ کو غلام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہمیں اس حملہ کو پہچاننا ہو گا اور پورے ملک کو اس کے خلاف مل کر لڑنا پڑے گا۔‘‘

Published: 31 Aug 2020, 11:38 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 31 Aug 2020, 11:38 AM IST