ڈبلیو پی ایل 2026: گجرات جائنٹس نے یوپی واریئرز کو 10 رنوں سے شکست دے کر جیت کے ساتھ سیزن کا کیا آغاز
ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں گجرات نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورس میں 4 وکٹ کے نقصان پر 207 رن بنائے تھے۔ اس کے جواب میں یوپی کی ٹیم مکمل 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 197 رن ہی بنا سکی۔
گجرات جائنٹس نے یوپی واریئرز کو 10 رن سے شکست دے کر ڈبلیو پی ایل 2026 کی شروعات جیت کے ساتھ کی ہے۔ نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے موجودہ سیزن کے دوسرے میچ میں گجرات نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورس میں 4 وکٹ کے نقصان پر 207 رن بنائے تھے۔ اس کے جواب میں یوپی کی ٹیم مکمل 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 197 رن ہی بنا سکی۔ یوپی واریئرز کی ٹیم میں دیپتی شرما، ہرلین دیول، شیکھا پانڈے اور کرانتی گوڑ جیسی اسٹار ہندوستانی کھلاڑی کھیل رہی ہیں، لیکن ان میں سے کوئی بھی ٹیم کی جیت کو یقینی نہیں بنا سکیں۔
یوپی واریئرز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ گجرات کی ٹیم نے شروع سے ہی میچ میں اپنا دبدبہ بنائے رکھا۔ سلامی بلے باز بیتھ مونی 13 رن بنا کر جلدی آؤٹ ہو گئیں، لیکن دوسری سلامی بلے باز سوفی ڈیوائن نے 20 گیندوں میں 5 چوکے اور 2 چھکے کی مدد سے شاندار 38 رن بنائے۔ ان کے علاوہ انوشکا شرما نے 30 گیندوں میں 44 رن اور کپتان ایشلے گارڈنر نے 41 گیندوں پر 6 چوکے اور 3 چھکے کی مدد سے 65 رن کی بہترین اننگ کھیلی۔ آخری اوور میں جارجیا ویرہم کی تیز رفتار اننگ 10 گیندوں میں 27 رن کی بدولت 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 207 رن بنا لیے۔ اگر یوپی واریئرز کی گیند بازی کی بات کی جائے تو سوفی ایکلسٹن کو 2، شیکھا پانڈے اور ڈینڈرا ڈوٹن کو 1-1 وکٹ حاصل ہوا۔
207 رنوں کا تعاقب کرنے اتری یوپی واریئرز کی شروعات خراب رہی سلامی بلے باز کرن ناوگیرے صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔ دوسری سلامی بلے باز اور کپتان میگ لیننگ 27 گیندوں میں 30 رن اور تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنے آئیں فوبی لیچ فیلڈ 40 گیندوں میں 78 رن نے دوسرے وکٹ کے لیے 70 رنوں کی شاندار شراکت کی۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئیں ہرلین دیول صفر اور دیپتی شرما ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔ اس کے بعد وقفہ وقفہ سے ٹیم کی وکٹ گرتی چلی گئی، 20 اوورز میں ٹیم 8 وکٹ کے نقصان پر 197 رن ہی بنا سکی۔ اگر گجرات کی گیند بازی کی بات کی جائے تو رینوکا سنگھ ٹھاکر، سوفی ڈیوائن، جارجیا ویرہم کو 2-2 وکٹیں حاصل ہوئیں، جبکہ ایشلے گارڈنر اور راجیشوری گائیکواڈ 1-1 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔