کانگریس کا ’منریگا بچاؤ سنگرام‘ شروع، کام کے حق کی بحالی کے لیے 45 روزہ ملک گیر تحریک
کانگریس نے منریگا کی منسوخی کے خلاف 45 روزہ ملک گیر تحریک شروع کر دی، جس کے ذریعے ’وی بی گرام جی قانون‘ کی واپسی، کام کے حق اور پنچایتوں کے اختیارات کی بحالی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے

نئی دہلی: کانگریس نے ہفتہ کے روز متحدہ ترقی پسند اتحاد کے دور میں نافذ دیہی روزگار سے متعلق قانون منریگا کو ’’منسوخ‘‘ کیے جانے کے خلاف 45 روزہ ملک گیر تحریک ’منریگا بچاؤ سنگرام‘ کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اس تحریک کے تحت ملک بھر کے تمام اضلاع میں پریس کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا، جن میں مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے کام کے حق، اجرت کے حق اور پنچایتوں کے اختیارات کو کمزور کر دیا ہے۔
کانگریس کے مطابق یہ تحریک 25 فروری تک جاری رہے گی، جس کے دوران ’وی بی گرام جی‘ قانون کو واپس لینے، منریگا کو اس کے اصل حق پر مبنی قانون کے طور پر بحال کرنے، کام کے حق کی دستوری ضمانت کو دوبارہ نافذ کرنے اور گرام پنچایتوں کے اختیارات لوٹانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ منریگا کو منسوخ کر کے متبادل قانون نافذ کرنا دیہی ہندوستان کے محنت کش طبقے کے ساتھ ناانصافی ہے۔
ہفتہ کو منعقدہ پریس کانفرنسز میں اس بات پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی کہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران منریگا کو منسوخ کر کے اس کی جگہ نیا قانون نافذ کیا گیا، جس سے دیہی مزدوروں کی قانونی ضمانتیں ختم ہو گئی ہیں۔ کانگریس نے الزام لگایا کہ اس تبدیلی کے نتیجے میں نہ صرف روزگار کی دستیابی غیر یقینی ہو گئی ہے بلکہ اجرت اور پنچایتی نظام پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
تحریک کے اگلے مرحلے کے تحت 11 جنوری کو تمام ضلع ہیڈکوارٹروں میں ایک روزہ علامتی روزہ اور پرامن احتجاج کیا جائے گا۔ پارٹی قیادت کے مطابق اس کے بعد 12 سے 29 جنوری تک ملک بھر کی گرام پنچایتوں میں چوپالوں اور عوامی رابطہ مہم کے ذریعے لوگوں کو اس قانون کے اثرات سے آگاہ کیا جائے گا۔ 30 جنوری کو کام کے حق کے مطالبے کو لے کر وارڈ سطح پر پُرامن دھرنے دیے جائیں گے۔
کانگریس نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ 7 سے 15 فروری کے درمیان ریاستی اسمبلیوں کا گھیراؤ کیا جائے گا، جبکہ تحریک کے اختتام سے قبل 16 سے 25 فروری کے دوران چار بڑی عوامی ریلیاں منعقد ہوں گی۔ پارٹی کا دعویٰ ہے کہ یہ تحریک صرف دارالحکومت تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پنچایت، بلاک، ضلع اور ریاستی سطح تک پھیلائی جائے گی۔
پارٹی کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ کانگریس اس جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک کام، روزگار اور جوابدہی کے اس حق کو بحال نہیں کر لیا جاتا جو منریگا کو کمزور کر کے چھین لیا گیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ منریگا کی بحالی دیہی ہندوستان کے وقار اور معاشی تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔