قومی خبریں

مدھیہ پردیش کے وزیر زراعت نے بھی کسانوں کو کہہ ڈالا ’غدار-دلال‘

زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک سے متعلق ایک طرف مودی حکومت بات چیت کے ذریعہ مسئلہ کا حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اور دوسری طرف کسانوں پر بی جے پی وزراء کا حملہ بھی جاری ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

مودی حکومت کے متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف دہلی کی سرحدوں پر جاری کسانوں کی تحریک تیز ہوتی جا رہی ہے، جس سے حکومت پر لگاتار دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ تحریک کو ختم کرانے کے لیے لگاتار مرکز کی جانب سے کسانوں کو پھر سے بات چیت کے لیے بلانے کی کوششیں جاری ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ ہی کسان تحریک کو بدنام کرنے کی کوششیں بھی اسی رفتار سے جاری ہے۔ اب اس میں نیا نام جڑ گیا ہے مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت میں وزیر زراعت کمل پٹیل کا۔

Published: undefined

پیر کے روز کمل پٹیل نے متنازعہ بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’’مظاہرین دلال، غدار تنظیم ہیں۔‘‘ اجین میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’تحریک چلانے والی کسان تنظیم دلال، غدار، غیر ملکی طاقتوں کے اشارے پر پلنے والی ہیں۔ اچانک پانچ سو تنظیم سانپ، بچھو، نیولے کی طرح پنپ گئی ہیں۔ یہ سبھی غدار ہیں۔‘‘ کمل پٹیل اتنے پر ہی خاموش نہیں ہوئے، انھوں نے آگے یہ بھی کہہ دیا کہ ’’آنے والے دنوں میں کئی سیاسی پارٹیاں عوام اور کسانوں کے درمیان جانے لائق نہیں رہیں گے، ان کا سیاسی وجود ختم ہو جائے گا۔ جب سیلاب آتا ہے اور پانی بہت زیادہ ہو جاتا ہے تو سانپ، بچھو، گویرا، نیولہ ایک درخت پر چڑھنے لگتے ہیں اور جان بچانے کے لیے ایک ساتھ جمع ہونے لگتے ہیں۔ اسی طرح ملک بھر میں پی ایم مودی کا ترقیاتی سیلاب آیا ہوا ہے، سارا اپوزیشن اس میں بہہ رہا ہے۔ سب جمع ہو گئے ہیں اور مخالفت کر رہے ہیں، ساتھ ہی ملک کو گمراہ کر رہے ہیں۔‘‘

Published: undefined

وزیر زراعت نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی قیادت نے طے کیا ہے کہ اس قانون کے بارے میں بیداری لایا جائے گا، عوامی بیداری مہم کے ذریعہ سے کسانوں کو بتایا جائے گا کہ کس طرح 500 کسان تنظیمیں ککرمتے کی طرح اٹھ کھڑی ہوئی ہیں۔ حقیقی معنوں میں یہ کسان تنظیمیں نہیں ہیں، یہ دلالوں کی تنظیمیں ہیں، یہ ملک غداروں کی تنظیمیں ہیں، یہ تنظیمیں ان بیرون ملکی طاقتوں کے پیسوں سے پرورش پا رہی ہیں جو ملک کو مضبوط نہیں ہونے دینا چاہتی ہیں۔‘‘

Published: undefined

واضح رہے کہ کمل پٹیل کا بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب مرکز کی مودی حکومت کے کئی اہم وزراء، جن میں وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور ہریانہ میں بی جے پی کے معاون جے جے پی لیڈر اور نائب وزیر اعلیٰ دشینت چوٹالہ لگاتار کسانوں سے دوبارہ بات چیت شروع کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ دشینت چوٹالہ نے پیر کے روز دعویٰ کیا کہ جلد ہی پھر سے بات چیت شروع ہوگی اور مسئلہ کا حل نکلے گا۔ لیکن ایسے وقت میں کمل پٹیل جیسے بی جے پی لیڈروں کا بیان بی جے پی کی نیت پر سوال کھڑے کرتا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined