آندھرا پردیش میں او این جی سی پائپ لائن لیک ہونے سے لگی خوفناک آگ، سینکڑوں درخت خاک، خالی کرایا گیا علاقہ

او این جی سی پائپ لائن میں بڑے پیمانہ پر گیس کے رساؤ کے ساتھ ہی دھماکہ ہوا اور پورے علاقہ میں افرا تفری پھیل گئی۔ حادثہ کے وقت او این جی سی کے کنوئیں پر تکنیکی مرمت کا کام کیا جا رہا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>آگ، علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

آندھرا پردیش کے کوناسیما ضلع میں او این جی سی پائپ لائن سے بڑے پیمانہ پر گیس رساؤ کا معاملہ سامنے آ رہا ہے۔ ملکی پورم ڈویژن کے ایروسمانڈا کے پاس ہوئے اس گیس رساؤ سے خوفناک آگ لگ گئی اور قریبی گاؤوں میں دھواں پھیل گیا۔ آگ بہت تیزی کے ساتھ پھیلی، جس نے لوگوں میں افرا تفری پیدا کر دی۔ آگ لگتے ہی گاؤں کے لوگوں نے او این جی سی افسران کو واقعہ کی خبر دی۔ پائپ لائن سے ہوئے گیس رساؤ سے مقامی لوگ دہشت میں ہیں۔ احتیاطاً افسران نے آس پاس کے گاؤوں کو خالی کروا دیا ہے۔

پائپ لائن میں گیس کے رساؤ سے لگی آگ میں سینکڑوں ناریل کے درخت جل کر خاک ہو گئے ہیں اور قدرتی وسائل کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی او این جی ایل ملازمین بھی موقع پر پہنچ گئے۔ افسران کا کہنا ہے کہ ایک پرائیویٹ کمپنی نے 10 دن قبل گیس بھنڈاروں پر کام شروع کیا تھا۔ ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ گیس رساؤ کی اصل وجہ کیا ہے۔


اس درمیان آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندربابو نائیڈو نے گیس رساؤ معاملہ کی تفصیلی جانکاری لی ہے۔ انھوں نے افسران کو راحت رسانی کے کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت بھی دی ہے۔ انھوں نے آس پاس رہنے والے لوگوں کو فوراً محفوظ مقامات پر پہنچانے کا مشورہ بھی دیا۔ دوسری طرف گیس رساؤ کے مدنظر آس پاس کے گاؤں میں اعلان کیا جا رہا ہے کہ سبھی محتاط رہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ او این جی سی پائپ لائن میں بڑے پیمانہ پر گیس رساؤ کے ساتھ ہی دھماکہ ہوا اور پورے علاقہ میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ جانکاری کے مطابق حادثہ کے وقت او این جی سی کے کنوئیں پر تکنیکی مرمت کا کام کیا جا رہا تھا۔ راحت کی بات یہ ہے کہ ابھی تک اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، اور نہ ہی کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔


ذرائع کے مطابق مرمت سے پہلے کنوئیں سے پروڈکشن عارضی طور سے بند کیا گیا تھا۔ اسی عمل کے دوران اچانک زوردار دھماکہ ہوا، جس کے بعد گیس اور خام تیل تیز دباؤ کے ساتھ باہر نکلنے لگے۔ کچھ ہی لمحات میں رساؤ والی گیس میں آگ لگ گئی اور کنوئیں کے آس پاس اونچی اونچی لپٹیں اٹھنے لگیں۔ اس منظر نے علاقہ میں افرا تفری پیدا کر دی۔ گیس رساؤ کے سبب آس پاس کے گاؤں میں دھوئیں کا غبار پھیل گیا۔ پورے علاقہ میں سب کچھ دھندلا دکھائی دینے لگا اور ہوا میں گیس کی تیز بدبو بھی پھیل گئی۔ احتیاط کے طور پر انتظامیہ نے لاؤڈاسپیکر کے ذریعہ لوگوں کو الرٹ کرتے ہوئے بجلی کے سوئچ بند رکھنے، گیس سلنڈر کا استعمال نہ کرنے اور کسی بھی طرح کے الیکٹرانک سامانوں سے دوری بنائے رکھنے کا مشورہ دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔