یوگی حکومت کے پاس گائے کا کوئی حساب نہیں، صرف سیاست کے لیے اس کا ہوتا ہے استعمال: بھوپیش بگھیل

بھوپیش بگھیل نے یوگی اور مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کسانوں پر ہوئے مظالم سے ریاست کے ووٹرس بہت غصے میں ہیں، اس بار تبدیلی طے ہے۔

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل
چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل
user

قومی آوازبیورو

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے اتر پردیش کی یوگی حکومت پر گائے کا استعمال سیاست کے لیے کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں کتنی گائیں ہیں اس کا حساب تک یوپی حکومت کے پاس نہیں ہے۔ بی جے پی اس کا استعمال صرف سیاست کے لیے کرتی ہے۔

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے پیر کے روز یوپی حکومت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ گائے کو ماتا کہنے والوں نے انھیں بے سہارا بنا دیا۔ چھتیس گڑھ کے ہر گاؤں میں گئوشالہ ہے۔ اتر پردیش حکومت کے پاس گائے کا حساب تک نہیں ہے۔ وہ اس کا استعمال صرف سیاست کے لیے کرتی ہے۔


چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے پیر کے روز پریاگ راج کے مختلف اسمبلی حلقوں میں کانگریس امیدواروں کے حق میں تشہیر کی۔ اس دوران بگھیل نے یوگی اور مودی حکومت پر خوب حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ علاقے کے کسانوں پر ہوئے مظالم سے ووٹرس بہت ناراض ہیں، اس بار تبدیلی طے ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ہزاروں ووٹرس متحد ہو کر تبدیلی کے ’مہا یگیہ‘ میں ’آہوتی‘ دینے کے لیے بے قرار ہیں۔

بارا، کرچھنا اور اللہ پور اسمبلی حلقہ میں بھی بھوپیش بگھیل جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ جب انتخاب قریب آتا ہے تو مذہب خطرے میں پڑ جاتا ہے۔ بی جے پی مذہب کے نام پر ڈھونگ کی سیاست کرتی ہے۔ بگھیل نے بی جے پی کو کسان مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے مرکزی وزیر کے بیٹے کسانوں کی چھاتی پر کار چڑھا رہے ہیں۔ جب پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کسانوں کا درد بانٹنے جاتی ہیں تو انھیں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔


بھوپیش بگھیل نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں دو روپے کلو کے حساب سے حکومت گوبر خرید رہی ہے۔ وہاں کسان ہر ماہ 30 ہزار روپے کمائی کر رہے ہیں۔ کانگریس اتر پردیش میں بھی یہ نظام نافذ کرے گی۔ اب اتر پردیش کے کسان گوبر سے مالا مال ہوں گے۔ ریاست کے ہر گاؤں میں گئوشالہ بنوائیں گے۔ اس سے کسانوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا رہے بے سہارا جانوروں سے راحت ملے گی۔

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسانوں کے حق میں آزادی کے پہلے سے ہی کانگریس لڑائی لڑ رہی ہے۔ کانگریس نے کھانا، تعلیم اور طب کے حقوق عوام کو دیے۔ بی جے پی نے جملے بازی کی۔ 15 لاکھ اکاؤنٹ میں بھیجنے کو کہا اور دیوالی پر نوٹ بندی کر سب کا پیسہ جمع کرا لیا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس حکومتوں نے ہمیشہ سماج میں دبے کچلے لوگوں کو اوپر اٹھانے کا کام کیا ہے۔ خواتین کو تعلیم، روزگار سے لے کر پنچایتی راج میں ریزرویشن دلانے کا کام اور سماج میں برابری لانے کا کام بھی کانگریس نے کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔