ڈورنڈہ چارہ گھوٹالہ: لالو پرساد کو 5 سال قید کی سزا، 60 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد

ڈورنڈہ میں ہوا چارہ گھوٹالہ دراصل چارہ گھوٹالوں میں سب سے بڑا معاملہ تھا، سی بی آئی کے مطابق لالو جب وزیر مالیات اور وزیر اعلیٰ تھے تو ان کی ناک کے نیچے یہ سب کچھ ہوا، یعنی یہ سب ان کے علم میں تھا۔

لالو پرساد یادو، تصویر آئی اے این ایس
لالو پرساد یادو، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

لالو پرساد یادو کو آج ڈورنڈہ ٹریزری سے جڑے چارہ گھوٹالہ معاملے میں سزا سنائی گئی۔ سی بی آئی کی خصوصی کورٹ نے انھیں پانچ سال قید کی سزا سنائی اور ساتھ ہی ان پر 60 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ سی بی آئی اسپیشل کورٹ کے جج ایس کے ششی نے یہ فیصلہ سنایا۔ بعد ازاں لالو پرساد کے وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ ضمانت کے لیے جلد ہی عرضی داخل کی جائے گی۔ جب تک ضمانت نہیں مل جاتی، اس وقت تک لالو پرساد کو جیل میں ہی رہنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ ڈورنڈہ خازنہ میں ہوئے چارہ گھوٹالہ کا معاملہ چارہ گھوٹالوں میں سب سے بڑا معاملہ تھا۔ چارہ گھوٹالہ میں لالو پرساد کو اہم سازشی بتایا گیا ہے۔ سی بی آئی کی طرف سے کہا گیا تھا کہ لالو یادو جب وزیر مالیات، وزیر اعلیٰ تھے تو ان کی ناک کے نیچے یہ سب کچھ ہوا، یعنی یہ سب ان کے علم میں تھا۔


اس سے قبل لالو پرساد کو چارہ گھوٹالے سے جڑے چار معاملوں میں قصوروار ٹھہرایا جا چکا ہے۔ ان معاملوں میں فی الحال لالو پرساد ضمانت پر جیل سے باہر ہیں۔ ان میں بھی ان کو ہائی کورٹ سے ضمانت ملی تھی۔ ذیلی عدالت یا ٹرائل کورٹ نے ان کو اس میں راحت نہیں دی تھی۔ بعد میں ہائی کورٹ میں کچھ سزا کاٹنے اور صحت ایشوز کی دلیل دی گئی جس پر ہائی کورٹ نے ان کو ضمانت دے دی۔ لالو کو یہ راحت 42 مہینے کی سزا پوری ہونے کے بعد ملی تھی۔

واضح رہے کہ سی بی آئی کی اسپیشل کورٹ نے 15 فروری کو لالو یادو سمیت دیگر ملزمین کو 139.5 کروڑ روپے کے ڈورنڈا جیل سے جڑے چارہ گھوٹالہ میں قصوروار پایا تھا۔ عدالت نے تب سزا کا اعلان نہیں کیا تھا۔ آج عدالتی کارروائی آن لائن ہوئی اور لالو بھی آن لائن ہی اس میں شامل ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔