یوپی انتخاب: سونیا گاندھی نے ورچوئل خطاب میں مودی-یوگی حکومت پر کیا شدید حملہ

سونیا گاندھی نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں کے 12 لاکھ عہدے خالی پڑے ہیں لیکن نوجوانوں کو ملازمت نہیں مل رہی، پٹرول، ڈیزل، رسوئی گیس، سرسوں تیل کی قیمت اتنی بڑھ گئی ہے کہ گھر چلانا مشکل ہو گیا ہے۔

سونیا گاندھی، تصویر @INCIndia
سونیا گاندھی، تصویر @INCIndia
user

تنویر

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج رائے بریلی کے عوام سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت اور اتر پردیش کی یوگی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے بی جے پی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس عوام کے لیے بہترین ویژن لے کر آگے آئی ہے اور اس کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ اتر پردیش کے عوام کانگریس امیدواروں کو اسمبلی انتخاب میں کامیاب بنائیں۔ آئیے یہاں دیکھتے ہیں کہ سونیا گاندھی نے اپنے ورچوئل خطاب میں اتر پردیش، خصوصاً رائے بریلی کے عوام سے کیا باتیں کہیں۔

رائے بریلی کی میری پیاری بہنو اور بھائیو، نمستے!

امید ہے کہ آپ سبھی لوگ صحت مند ہوں گے۔

آنے والی 23 تاریخ کو آپ کی پانچوں اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ یہ انتخاب آپ کے لیے بہت ہی اہم انتخاب ہیں۔ کیونکہ آپ نے پانچ سال ایسی حکومت دیکھی جس نے آپ کے بیچ علیحدگی پیدا کرنے کے علاوہ کچھ کام نہیں کیا۔ میرے کسان بھائی-بہن اتنی محنت سے ملک کے لیے اناج اگاتے ہیں۔ ان پانچ سالوں میں آپ کو نہ تو سرسوں کا دام ملا، نہ کھاد ملی اور نہ ہی سینچائی کی سہولت ہے۔ آپ کے اوپر قرض کا بوجھ ہے اور آوارہ مویشی آپ کی فصلوں کو برباد کرتے ہیں۔ ٹھیک یہی حال نوجوانوں کا ہے۔ نوجوان اپنے آنے والے کل کے لیے محنت سے پڑھائی کرتے ہیں۔ نوکری کی تیاری کرتے ہیں لیکن بی جے پی حکومت نے آپ کو گھر بٹھا دیا۔ سرکاری ملازمتوں کے 12 لاکھ عہدے خالی پڑے ہیں لیکن آپ کو ملازمت نہیں مل رہی ہے۔ پٹرول، ڈیزل، رسوئی گیس، سرسوں تیل کی قیمت اتنی بڑھ گئی ہے کہ عام لوگوں کو گھر چلانا مشکل ہو گیا ہے۔ میری بہنیں پائی پائی جوڑ کر اپنا گھر پریوار چلاتے ہیں، لیکن مہنگائی نے ان کی زندگی محال کر دی ہے۔


بہنوں، بھائیو، آپ نے حال ہی میں کورونا کا مشکل وقت دیکھا ہے۔ ایک طرف آپ کو آکسیجن، دوائیاں اور اسپتال میں بستر نہیں ملی۔ اپنے لوگوں کو گنوایا ہے جو گھر کے واحد سہارا تھے۔ دوسری طرف لاک ڈاؤن میں آپ کے کام دھندے بند ہو گئے۔ آپ لوگوں نے میلوں پیدل چلنے کی تکلیف برداشت کی۔ لیکن مودی-یوگی حکومت نے ایک غیر ذمہ دار حکومت کی تعریف پیش کرتے ہوئے آنکھیں بند رکھیں۔ اتنا ہی نہیں، لاک ڈاؤن میں آپ لوگوں کے تئیں ان کا سلوک ٹھیک نہیں تھا۔ حکومت نے آپ کو کوئی راحت نہیں دی۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ حکومت نے آپ کا بوجھ ہلکا کرنے کی جگہ آپ کی محنت سے بنائی گئی سرکاری کمپنیوں کو کوڑی کے دام اپنے چہیتوں کو بیچ دیا۔ لہٰذا بے روزگاری کافی بڑھ گئی۔

ہم آپ کے علاقے کے لیے کئی ترقیاتی منصوبے لے کر آئے ہیں، لیکن مودی-یوگی حکومت نے ان سبھی پر روک لگا دی ہے۔ رائے بریلی کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا گیا ہے۔ آپ نے کانگریس کی سیاست دیکھی ہے۔ کانگریس کی سیاست خدمت اور آپ کو اختیار دینے کی رہی ہے۔ ہم نے منریگا جیسے قانون بنا کر آپ کو روزگار کا حق دیا، جس سے آپ اپنی زندگی بہتر بنا سکیں۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ ایسے مشکل وقت میں نریگا کا بجٹ بڑھانے کی جگہ کم کر دیا گیا۔


کانگریس نے لاک ڈاؤن کے دوران بھی خدمت کی۔ آپ گھروں سے دور پھنسے تھے، آپ کو گھر پہنچایا۔ جتنی بھی آپ کی مدد ہو سکتی تھی، ہم نے پوری کوشش کی۔ خدمت اور حق کے لیے سیاست کی راہ پر چلتے ہوئے کانگریس اتر پردیش میں ایک نئی سیاست کا ویژن لے کر آئی۔ اس میں نوجوانوں کو روزگار، خواتین کو حقوق، کسان بہنوں و بھائیوں کو سہولیات دینے کا اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کا منصوبہ ہے۔ ہم نے خواتین کے لیے ’شکتی وِدھان‘، نوجوانوں کے لیے ’بھرتی وِدھان‘ اور یوپی کی ترقی کے لیے ’اُنّتی وِدھان‘ تیار کیا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ پرینکا نے اس بار 40 فیصد ٹکٹ خواتین کو دیئے ہیں۔ اتر پردیش میں گزشتہ پانچ سالوں میں ہمارے کارکنان نے بہت محنت کی۔ عوام کے حق کی لڑائی لڑتے لڑتے ہمارے 18 ہزار کارکنان جیل بھیجے گئے۔

بہنوں اور بھائیو، میں اپنے آپ کو آپ کی فیملی کا اٹوٹ حصہ مانتی ہوں۔ ہم آپ کی زندگی کو بہتر بنانے والی سیاست کے لیے وقف ہیں۔ ہم آپ کو ایسا رکن اسمبلی دینا چاہتے ہیں جو دن رات آپ کے لیے کام کرے اور آپ کو مضبوط بنانے والے منصوبے بنائے۔ اس انتخاب میں کانگریس پارٹی کے ہاتھ کو مضبوط کیجیے اور اپنے مستقبل کو بہتر بنانے والی سیاست منتخب کیجیے۔ رائے بریلی کے ہمارے سبھی امیدواروں کو بھاری ووٹوں سے کامیاب بنائیں۔ جے ہند۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔