یوگی حکومت مزدوروں کی مدد میں رخنے ڈال رہی ہے: کانگریس

للو نے کہا کہ یوگی حکومت مزدوروں کے ساتھ غیر انسانی رویہ کا برتاؤ کر رہی ہے۔ جسے بھلایا نہیں جاسکتا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ تاریخ اس حکومت کے مزدور مخالف کالے کارناموں کو یاد رکھے گی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ مصیبت میں پھنسے مہاجر مزدوروں کی یوگی حکومت کوئی مدد نہیں کر رہی ہے اور سطحی سیاست کی وجہ سے مزدوروں کی مدد کرنے والے کانگریسی کارکنوں کے راستے میں روکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر rہی ہے۔ تاکہ ان کے حوصلے پست ہوجائیں۔

کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو اور کانگریس کے رکن اسمبلی آرادھنا مشرا 'مونا' نے بدھ کو ویڈیو پریس کانفرنسنگ کر کے اترپردیش حکومت کی تنقید کی۔ للو اور آرادھنا مشرا نے کہا کہ مزدوروں نے اس ملک کی تعمیر میں اپنا خون پسینہ بہایا ہے۔ آج ملک کے مزدوروں کے اوپر خطرات کے بادل منڈلا رہے تو حکومت نے انہیں اکیلا چھوڑ دیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے پاس کھانے کے لئے کچھ نہیں ہے۔ سینکڑوں۔ہزاروں کلومیٹر پیدل، سائیکل سے سفر کر نے کے لئے مزدور مجبور ہیں۔ صرف اتنا ہی نہیں سرکار اس حالت میں بھی کرایہ وصول کررہی ہے، یہ غیر انسانی اور شرمناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے مزدوروں کے ریلوے کا کرایہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ کانگریس مزدوروں کا درد سمجھتی ہے لیکن غریب، مزدور مخالف بی جے پی حکومت انہیں مہاجر مزدوروں کی فہرست نہیں دستیاب کرا رہی ہے جس سے کہ ان کی مدد کی جاسکے۔


للو نے کہا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر مزدوروں کی لسٹ طلب کی تھی، لیکن حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ حکومت مزدوروں کے ساتھ غیر انسانی رویہ کا برتاؤ کررہی ہے۔ اسے بھلایا نہیں جاسکتا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ تاریخ اس حکومت کے مزدور مخالف کالے کارناموں کو یاد رکھے گی۔

آرادھنا مشرا نے کہا کہ مزدور سینکڑوں، ہزارو کلو میٹر کا سفر بھوکے پیاسے کرنے کو مجبور ہیں۔ حکومت کوئی مدد نہیں کررہی ہے۔ کانگریس نے جگہ جگہ مزدوروں کے کھانے پینے کا انتظام کیا ہے لیکن حکومت کی سنگ دلی دیکھیے کہ اس نے اس کی بھی اجازت نہیں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کی ہدایت پر پارٹی ہائی وے پر پیدل چل رہے مزدوروں اور ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنے کے لئے ایک ٹیم تشکیل دے گی جو ان کے کھانے اور قیام کا انتظام کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔