الٰہ آباد: لاک ڈاؤن میں ٹرپل مرڈر سے حالات کشیدہ، پولس انتظامیہ حیران

اتر پردیش کے الٰہ آباد میں ایک ہی فیملی کے تین لوگوں کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا۔ واقعہ کی جانکاری ملتے ہی پولس انتظامیہ میں ہنگامہ برپا ہو گیا اور ایک ٹیم فوری جائے وقوع پر پہنچی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن جاری ہے۔ اس کے باوجود اتر پردیش میں لگاتار جرائم کے واقعات سرزد ہو رہے ہیں اور سرخیاں بن رہی ہیں۔ تازہ معاملہ الٰہ آباد (پریاگ راج) کا ہے جہاں ایک ہی فیملی کے تین لوگوں کا تیز دھار اسلحہ سے گلا کاٹ دیا گیا۔ واردات کی خبر ملنے کے بعد پولس انتظامیہ میں ہنگامہ برپا ہو گیا اور ایک ٹیم فوراً جائے وقوع پر پہنچی۔ پولس اور فورنسک محکمہ کی ٹیم نے اس جگہ کا معائنہ کیا جہاں پر قتل انجام دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مہلوکین میں ایک مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ صبح میں جیسے ہی لوگوں کو اس ٹرپل مرڈر کی جانکاری ملی، ایک دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا اور ماحول میں کشیدگی بھی دیکھنے کو ملی۔

خبروں کے مطابق اس واقعہ کو انجام اس وقت دیا گیا جب نند لال اور اس کی بیوی گھر کے باہر اپنے کھیت کے سامنے سوئے ہوئے تھے جب کہ بیٹی برآمدے میں سوئی تھی۔ موقع پر پہنچی پولس نے دیکھا کہ کمرے میں رکھے لوہے کے بکسوں کی کنڈی ٹوٹی اور کھلی ہوئی ہے۔ کمرے میں ہی سامان بکھرا ہوا تھا۔ فی الحال قتل کے اسباب کا پتہ نہیں چل سکا ہے لیکن واقعہ سے گاؤں کے لوگوں میں زبردست غم و غصہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔


اس ٹرپل مرڈر واقعہ پر از خود نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے افسروں کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے کہا ہے کہ ضلع کے سینئر ایڈمنسٹریٹو پولس افسران موقع پر جائیں اور واقعہ کی تفصیل سے جانچ کریں۔ انھوں نے کہا کہ قصورواروں کے خلاف بلاتاخیر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔