مودی حکومت پر ’دی گریٹ رابری‘ کا الزام کیوں لگ رہا؟

جے ویر شیرگل نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’عوام کو مہنگائی کا ایک اور انجکشن کی خوراک بی جے پی سے ملی ہے۔ سلنڈر کی قیمت میں ایک بار پھر 25 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ 2 مہینے میں چھٹی بار اضافہ ہوا ہے۔‘‘

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

تنویر

گیس، ڈیزل اور پٹرول کی لگاتار بڑھتی قیمتوں کے لیے مرکز کی مودی حکومت کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کانگریس لیڈر جے ویر شیرگل نے تو مودی حکومت پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے ’دی گریٹ رابری‘ کا الزام تک عائد کر دیا ہے۔ کانگریس ترجمان جے ویر شیرگل نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’عوام کو مہنگائی کا ایک اور ’انجکشن کی خوراک‘ بی جے پی سے ملی ہے۔ سلنڈر کی قیمت میں ایک بار پھر 25 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ 2 مہینے میں یہ لگاتار چھٹی بار اضافہ ہوا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا کہ ’’جی ڈی پی- گیس، ڈیزل، پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کو اب ’دی گریٹ رابری‘ کہا جا سکتا ہے۔‘‘

کانگریس مہنگائی کو لے کر لگاتار مودی حکومت پر حملہ کر رہی ہے اور آج راہل گاندھی سمیت پارٹی کے کئی لیڈران نے ایل پی جی گیس سلنڈر کی بڑھی قیمتوں پر اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ دراصل گھریلوئی رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں پیر کے روز 25 روپے کا اضافہ ہوا۔ 14.2 کلو گرام کا ایل پی جی سلنڈر اب دہلی میں 819 روپے میں ملے گا، جب کہ 19 کلو گرام کا کمرشیل سلندر 95 روپے کے اضافہ کے ساتھ 1614 روپے کا ہو گیا ہے۔ گھریلو استعمال میں آنے والے گیس سلنڈر کی قیمت گزشتہ ہفتہ جمعرات کو بھی 25 روپے بڑھی تھی۔ فروری کے مہینے میں یہ تیسرا اضافہ تھا۔


راہل گاندھی نے ایل پی جی گیس سلنڈر کی بڑھی ہوئی قیمت کے بعد جو ٹوئٹ کیا ہے اس میں مودی حکومت پر حملہ آور انداز اختیار کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’’ایل پی جی سلنڈر کی قیمت پھر بڑھ گئی۔ عوام کے لیے مودی حکومت کے متبادل... کاروبار بند کرو، چولہا پھونکو، جملے کھاؤ۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔