’آخر کب سنیں گے پی ایم مودی؟‘ ہندوستانی معیشت سے متعلق ماہر اقتصادیات سوربھ مکھرجی کے اندیشوں پر کانگریس کا سوال
جئے رام رمیش نے کہا کہ سوربھ مکھرجی نے ہندوستانی معیشت پر منڈلا رہے 3 بڑے خطرات کی طرف اشارہ کیا ہے، کانگریس مہینوں سے ان خطرات کے بارے میں آگاہ کر رہی ہے۔

کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش
کانگریس ہندوستان کی معیشت کے حوالے سے مودی حکومت کو لگاتار نشانہ بنا رہی ہے۔ بڑھتی مہنگائی اور بے روزگار کے مسئلہ پر بھی وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت سے سوالات پوچھے جاتے رہے ہیں۔ اب ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں ماہر ماقتصادیات سوربھ مکھرجی نے ہندوستانی معیشت پر منڈلا رہے اہم خطرات کی طرف اشارہ کیا ہے۔ اس پوڈکاسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس نے پی ایم مودی سے سوال کیا ہے کہ آخر وہ ہندوستانی معیشت کی بدحالی سے متعلق لوگوں کی فکر پر کب دھیان دیں گے، لوگوں کی باتیں کب سنیں گے؟
کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں سوربھ مکھرجی کے انٹرویو کا تذکرہ کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں مارسیلس انویسٹرس کے چیف انویسٹمنٹ افسر سوربھ مکھرجی نے ہندوستانی معیشت پر منڈلا رہے 3 بڑے خطرات کی طرف اشارہ کیا ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’مہینوں سے کانگریس پارٹی ان خطرات کے بارے میں آگاہ کر رہی ہے۔‘‘
جئے رام رمیش نے معیشت پر منڈلا رہے 3 بڑے خطرات کا ذکر بھی اپنے پوسٹ میں کیا ہے۔ وہ خطرات اس طرح ہیں:
کام کرنے والے ہندوستانیوں کی حقیقی آمدنی میں ٹھہراؤ، جو ایک دہائی سے بھی زیادہ وقت سے یکساں بنا ہوا ہے۔ یہ بے حد فکر انگیز ہے۔
خرچ میں اضافہ، جو پوری طرح سے وسعت قرض پر منحصر ہے، اور اس وجہ سے انتہائی غیر مستحکم ہے۔
بڑھتی معاشی نابرابری، جس میں امیروں کی ملکیت تیزی سے بڑھ رہی ہے، جبکہ متوسط طبقہ کی حالت جوں کی توں بنی ہوئی ہے۔
اس پوسٹ کے آخر میں جئے رام رمیش نے لکھا ہے کہ ’’ہر سنجیدہ معاشی تجزیہ کار اور ماہرین ان فکروں کو دہرا رہے ہیں۔ آخر وزیر اعظم انھیں کب سنیں گے؟‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔