یو پی: بی جے پی رکن اسمبلی نے ’پرشو رام مندر‘ بنوانے کا کیا اعلان!

بی جے پی رکن اسمبلی پرتبھا شکلا کا کہنا ہے کہ جو کام پرشورام جی نے کیا، ویسا ہی کام صوبے کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کر رہے ہیں۔ انھوں نے بھی صوبے کے بڑے بڑے مافیاؤں پر کارروائی کی ہے۔

بی جے پی رکن اسمبلی پرتبھا شکلا
بی جے پی رکن اسمبلی پرتبھا شکلا
user

تنویر

اتر پردیش میں ایک طرف رام مندر کی تعمیر زور و شور سے جاری ہے اور زمین خریداری کو لے کر کچھ تنازعات بھی سامنے آ چکے ہیں، دوسری طرف ’پرشورام مندر‘ بنانے کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ اعلان اتر پردیش کی بی جے پی رکن اسمبلی پرتبھا شکلا نے کیا ہے اور مندر کے لیے تقریباً 5 کروڑ روپے کی زمین عطیہ بھی کر دی ہے۔

دراصل آئندہ سال اتر پردیش میں اسمبلی انتخاب ہونا ہے اور سبھی پارٹیوں کے لیڈران نے ابھی سے ووٹروں کو اپنی طرف متوجہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ پرتبھا شکلا کے ذریعہ پرشورام مندر بنوانے کے اعلان کو بھی اسی سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ ایک طرف جہاں بی ایس پی برہمن ووٹروں کا دل جیتنے کے لیے ’برہمن سمیلن‘ کا انعقاد کرنے جا رہی ہے، وہیں کانپور دیہات میں بی جے پی رکن اسمبلی نے پرشورام مندر بنوانے کا وعدہ کر اپنا پانسہ پھینک دیا ہے۔


میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق کانپور دیہات کی اکبر پور اسمبلی سے بی جے پی رکن اسمبلی پرتبھا شکلا اور ان کے شوہر انل شکلا نے پرشورام مندر کے لیے زمین عطیہ کر دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ جلد مندر تعمیر کی کارروائی بھی شروع ہوگی۔ 26 جولائی کو کانپور دیہات کے رنیا کے پاس خان چندر پور کھرنجا گاؤں میں پرشورام مندر کے لیے ’بھومی پوجن‘ کیا جانے والا ہے۔

ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی لائیو‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق بھگوان پرشورام کے عالمی سطح کے مندر تعمیر کے لیے پرتبھا شکلا اور انل شکلا نے بھگوان شری پرشورام نیاس کو زمین عطیہ کی ہے۔ اس مندر میں بھگوان پرشورام کی 20 فٹ اونچی مورتی قائم کیے جانے کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے۔ بھگوان پرشورام کے مندر کے سلسلے میں پوچھے جانے پر پرتبھا شکلا نے کہا کہ شوہر انل شکلا پرشورام مندر نیاس کے چیئرمین بھی ہیں۔ انھوں نے 2018 میں ہی مندر بنوانے کے لیے عزم ظاہر کیا تھا۔ لوگوں سے تعاون نہیں ملنے کی وجہ سے مندر نہیں بن پایا۔ ہم اپنی زمین مندر کے لیے عطیہ کر رہے ہیں جس پر 20 فٹ کی پرشورام جی کی مورتی قائم کی جائے گی۔


بی جے پی رکن اسمبلی پرتبھا شکلا کا کہنا ہے کہ بھگوان پرشورام کسی ایک ذات کے بھگوان نہیں تھے۔ انھوں نے ظالموں کا خاتمہ کرنے کے لیے فرسا اٹھایا تھا، انھیں کسی خاص ذات سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔ جو کام پرشورام جی نے کیا، ویسا ہی کام صوبے کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کر رہے ہیں۔ انھوں نے بھی صوبے کے بڑے بڑے مافیاؤں پر کارروائی کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔