ترنمول کانگریس کے لیڈر اور سابق وزیر ریلوے دنیش تریویدی بی جے پی میں شامل

تریویدی نے کہا کہ آج کا یہ وہ سنہری لمحہ ہے جس کا میں انتظار کر رہا تھا۔ آج ہم عوامی زندگی میں اس لئے ہیں، کیوں کہ عوام سب سے مقدم ہیں۔ ایک سیاسی پارٹی ایسی ہے جس میں کنبہ سب سے مقدم ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: ترنمول کانگریس کے لیڈر اور سابق وزیر ریلوے دنیش تریویدی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کر لی۔ تریویدی نے یہاں ہفتے کے روز بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا کی موجودگی میں پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔

تریویدی نے کہا کہ "آج کا یہ وہ سنہری لمحہ ہے جس کا میں انتظار کر رہا تھا۔ آج ہم عوامی زندگی میں اس لئے ہیں، کیوں کہ عوام سب سے مقدم ہیں۔ ایک سیاسی پارٹی ایسی ہے جس میں کنبہ سب سے مقدم ہے، لیکن آج میں واقعتاً ایسی پارٹی میں شامل ہوا ہوں جس میں عوام ہی اصل کنبہ ہیں۔ بی جے پی پارٹی کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے"۔


انہوں نے کہا کہ "میں اس سے پہلے جس پارٹی میں تھا اس میں صرف ایک خاندان کی خدمت ہوتی ہے، عوام کی نہيں"۔ تریویدی نے کہا کہ "آج مغربی بنگال میں ایسا ماحول ہے کہ وہاں کے لوگ مجھے فون کرکے کہتے تھے کہ آپ اس پارٹی میں کیا کر رہے ہیں؟ آج یہ صورتحال ہوگئی ہے کہ حکمراں جماعت کو ایک اسکول بنانے کے لئے بھی چندہ دینا پڑتا ہے"۔

انہوں نے کہا کہ "مغربی بنگال میں تشدد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ وہاں پر عوام تشدد اور بدعنوانی سے نالاں ہیں، ایسی صورتحال میں بنگال کے عوام خوش ہیں کہ وہاں حقیقی تبدیلی واقع ہونے والی ہے اور بی جے پی حکومت بنانے والی ہے"۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ "مجھے خوشی ہے کہ ہم تریویدی کو بی جے پی میں شامل کر رہے ہیں۔ تریویدی کو سیاست کا ایک طویل تجربہ ہے۔ انہوں نے اقتدار کو نظر انداز کرتے ہوئے سیاسی زندگی بسر کی۔ انہوں نے بہتے ہوئے رجحان کے ساتھ خود کو بی جے پی کے ساتھ ضم کیا ہے"۔


تریویدی کو بی جے پی کی رکنیت دلانے کے موقع پر مرکزی وزیر پیوش گوئل اور دھرمیندر پردھان بھی موجود تھے۔ قابل ذکر ہے کہ تریویدی نے 12 فروری کو ترنمول کانگریس اور راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ وہ 2011 سے 2012 تک وزیر ریلوے رہے۔ وہ دو بار لوک سبھا اور تین بار راجیہ سبھا کے ممبر رہ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔