جو بھگدڑ ہریانہ میں ہے وہی ملک میں ہونے جا رہی ہے: کانگریس

ہریانہ میں بی جے پی-جے جے پی اتحاد کے ٹوٹنے کے بعد کانگریس نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہریانہ میں کسانوں، نوجوانوں اور پہلوانوں کے دباؤ میں بھگدڑ مچ گئی ہے اور یہ پورے ملک میں نظر آئے گا

<div class="paragraphs"><p>جے رام رمیش / آئی اے این ایس</p></div>

جے رام رمیش / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہریانہ میں بی جے پی-جے جے پی اتحاد کے ٹوٹنے کے بعد کانگریس نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہریانہ میں کسانوں، نوجوانوں اور پہلوانوں کے دباؤ میں بھگدڑ مچ گئی ہے اور یہ پورے ملک میں نظر آئے گا۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری انچارج شعبہ مواصلات جے رام رمیش نے ایکس پر لکھا، ’’وقت ہے بدلاؤ کا۔ جو بھگدڑ آج ہم ہریانہ میں دیکھ رہے ہیں، وہ کسان، نوجوان اور پہلوان کے دباؤ میں ہو رہی ہے اور یہی ملک میں بھی ہونے جا رہا ہے۔‘‘

وہیں، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ دیپندر ہڈا نے اظہار کیا کہ ہریانہ میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے، وہ عوامی جذبات کے دباؤ کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، ہریانہ کے لوگوں نے تبدیلی کی سمت میں اپنا ذہن بنا لیا ہے، جو کچھ بھی ہو رہا ہے، وہ اسی دباؤ کے تحت ہو رہا ہے۔


انہوں نے سرسہ میں 23 دسمبر کے اپنے بیان کی ویڈیو جاری کر کے کہا کہ وہ پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ یہ اتحاد ٹوڑا جائے گا اور ایسا بی جے پی کے اشارے پر ہوگا۔ انہوں نے لکھا، ’’آج کی پیشرفت پر میں نے تین مہینے میں نے ہی ردعمل ظاہر کر دیا تھا۔ میں نے ریاست کے باشندگان کو بتا دیا تھا کہ بی جے پی-جے جے پی میں سمجھوتہ توڑنے کا غیر اعلانیہ سمجھوتہ ہو چکا ہے۔ اور اس مرتبہ بی جے پی کے اشارے پر جے جے پی اور آئی این ایل ڈی والے کانگریس کی ووٹ میں نقب لگانے الگ سے پھر آئیں گے۔‘‘

خیال رہے کہ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر اور ان کے کابینہ کے ساتھی وزراء نے منگل کے روز صوبے کے گورنر بنڈارو دتاتریا کو اپنے استعفے پیش کر دیے، جنہیں گورنر نے قبول کر لیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور جننایک جنتا پارٹی (جے جے پی) کے اتحاد میں حکومت کرنے والی ریاست میں، لوک سبھا انتخابات سے پہلے سیٹوں کی تقسیم کے معاملے پر دونوں پارٹیوں کے درمیان اختلافات کی خبروں کے دوران یہ پیشرفت سامنے آئی۔


منوہر لال کھٹر کے بعد رکن اسمبلی نائب سنگھ سینی ہریانہ کے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ نائب سنگھ سینی نے ہریانہ کا نیا وزیر اعلیٰ نامزد کئے جانے پر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر کے سب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ متفقہ طور پر بی جے پی کا قانون ساز پارٹی کا قائد منتخب ہونے پر وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، قومی صدر جے پی نڈا، بی جے پی ہریانہ کے صوبائی انچارج بپلب دیو اور سابق وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر، تمام اراکین اسمبلی اور آزاد ارکان اسمبلی کا شکریہ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔