’کتھنی اور کرنی میں فرق کو نریندر مودی کہتے ہیں‘، مودی کابینہ میں اقربا پروری دیکھ کر راہل گاندھی نے کیا حملہ

راہل گاندھی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں این ڈی اے کابینہ کو این ڈی اے کا ’پریوار منڈل‘ قرار دیا ہے اور ایسے لیڈروں کے نام بھی لکھے ہیں جو اقربا پروری کی مثال ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، ویڈیوگریب</p></div>

راہل گاندھی، ویڈیوگریب

user

قومی آوازبیورو

مرکز میں نئی مودی حکومت تشکیل پا گئی ہے اور کابینہ میں شامل لیڈروں کے نام بھی سامنے آ چکے ہیں۔ اس درمیان راہل گاندھی نے این ڈی اے کابینہ میں شامل ناموں پر تلخ تبصرہ کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں نئی کابینہ کو ’این ڈی اے کا پریوار منڈل‘ قرار دیا ہے۔ راہل گاندھی نے اپنے پوسٹ کے ساتھ ایک پوسٹر بھی شیئر کیا ہے جس میں ان وزراء کے نام لکھے گئے ہیں جن کے والد یا کنبہ کے دیگر اراکین پہلے ہی سیاست میں قدم رکھ چکے ہیں۔ ان میں کئی لیڈران تو ایسے ہیں جن کے والد وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں۔

دراصل پی ایم مودی اور بی جے پی کے دیگر سرکردہ لیڈران اقربا پروری کے خلاف لگاتار آواز اٹھاتے رہے ہیں، لیکن خود مودی کابینہ میں کئی ایسے وزراء شامل ہیں جو خاندانی سیاست کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ راہل گاندھی نے اپنے پوسٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’نسلوں کی جدوجہد، خدمت اور قربانی کی روایت کو اقربا پروری کہنے والے اپنے سرکاری کنبہ کو اقتدار کی وصیت تقسیم کر رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’اسی کتھنی اور کرنے کے فرق کو نریندر مودی کہتے ہیں۔‘‘


راہل گاندھی نے اس پوسٹ میں جو پوسٹر شیئر کیا ہے اس میں 20 ایسے لیڈروں کے نام شامل ہیں جو خاندانی سیاست کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ وہ نام اس طرح ہیں: 1. ایچ ڈی کماراسوامی (سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا کے بیٹے)، 2. جیوترا دتیہ سندھیا (سابق مرکزی وزیر مادھو راؤ سندھیا کے بیٹے)، 3. کرن رجیجو (سابق پروٹیم اسپیکر رنچن کھارو کے بیٹے)، 4. رکشا کھڈسے (سابق وزیر ایکناتھ کھڈسے کی بہو)، 5. جینت چودھری (سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کے پوتے)، 6. چراغ پاسوان (سابق مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کے بیٹے)، 7. جے پی نڈا (سابق رکن پارلیمنٹ اور وزیر جئے شری بنرجی کے داماد، 8. رامناتھ ٹھاکر (سابق وزیر اعلیٰ کرپوری ٹھاکر کے بیٹے)، 9. رام موہن نائیڈو (سابق مرکزی وزیر یرین نائیڈو کے بیٹے)، 10. جتن پرساد (سابق رکن پارلیمنٹ جتیندر پرساد کے بیٹے)، 11. راؤ اندرجیت سنگھ (سابق وزیر اعلیٰ راؤ بیریندر سنگھ کے بیٹے)، 12. پیوش گویل (سابق مرکزی وزیر وید پرکاش گویل کے بیٹے)، 13. کیرتی وردھن سنگھ (سابق وزیر مہاراج آنند سنگھ کے بیٹے)، 14. رونیت سنگھ بٹو (سابق وزیر اعلیٰ بینت سنگھ کے بیٹے)، 15. دھرمیندر پردھان (سابق مرکزی وزیر دیبیندر پردھان کے بیٹے)، 16. انوپریا پٹیل (اپنا دَل قائم کرنے والے سونے لال پٹیل کی بیٹی)، 17. کملیش پاسوان (سابق لوک سبھا امیدوار اوم پرکاش پاسوان کے بیٹے)، 18. شانتنو ٹھاکر (سابق وزیر منجل ٹھاکر کے بیٹے)، 19. ویریندر کمار کھٹیک (سابق وزیر گوری شنکر کے برادر نسبتی)، 20. اَنّاپورنا دیوی (سابق رکن اسمبلی رمیش پرساد یادو کی شریک حیات)۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔