تلنگانہ: وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ نے مسلم دھوبیوں کو ماہانہ 250 یونٹ مفت بجلی دینے کا کیا اعلان

وزیر اعلیٰ کے مطابق مسلم طبقہ کے جو بھی لوگ لانڈری چلاتے ہیں یا دھوبی گھاٹ پر کام کرتے ہیں، انھیں ہر ماہ 250 یونٹ بجلی مفت دی جائے گی، تلنگانہ حکومت نے اس کے لیے ایک سرکلر بھی جاری کر دیا ہے۔

چندرشیکھر راؤ، تصویر آئی اے این ایس
چندرشیکھر راؤ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

تلنگانہ میں اسمبلی انتخاب کے دن قریب آ رہے ہیں، اور اس سے ٹھیک پہلے وزیر اعلیٰ کے. چندر شیکھ راؤ (کے سی آر) نے مسلم دھوبیوں کے حق میں ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ مسلم طبقہ کے جو بھی لوگ لانڈری چلاتے ہیں یا پھر دھوبی گھاٹ پر کام کرتے ہیں، انھیں ہر ماہ 250 یونٹ بجلی مفت دی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت نے اس کے لیے ایک سرکلر بھی جاری کر دیا ہے۔

جاری سرکلر میں مسلم طبقہ کے ایسے لوگوں کو مدد پہنچانے کی ہدایت دی گئی ہے جو دھوبی کاروبار سے جڑے ہوئے ہیں۔ پہلے یہ فائدہ صرف پسماندہ طبقہ کے دھوبیوں کو دیا جاتا تھا۔ ریاست میں پسماندہ طبقہ کے دھوبیوں کے لیے یہ منصوبہ 2021 سے ہی نافذ ہے، اور یہ فائدہ مسلم دھوبیوں کو بھی مل سکے گا۔


حال ہی میں حیدر آباد سے لوک سبھا رکن اسدالدین اویسی نے کہا تھا کہ مسلم طبقہ سے جڑے کئی لوگ دھوبی ہیں، انھیں بھی پسماندہ طبقہ سے جڑے منصوبے کا فائدہ ملنا چاہیے۔ اب جبکہ مسلم دھوبیوں کو ماہانہ 250 یونٹ بجلی مفت دینے کا اعلان وزیر اعلیٰ کے ذریعہ کر دیا گیا ہے تو یقیناً اویسی کو خوشی ہوئی ہوگی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ تلنگانہ میں اسمبلی انتخاب رواں سال کے آخر میں ہونا ہے، اور کانگریس نے پہلے ہی تلنگانہ میں ’گرہ جیوتی یوجنا‘ کے تحت ہر ماہ 200 یونٹ بجلی مفت دینے کا وعدہ کیا ہوا ہے۔ ریاست میں کانگریس کو بی جے پی کے ساتھ ساتھ بی آر ایس سے بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔ مقابلہ سہ رخی ہونے کا پورا امکان ہے، حالانکہ کانگریس لگاتار یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ کے سی آر اور بی جے پی دونوں ملے ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔