سنجے راؤت نے ’مہا وکاس اگھاڑی‘ حکومت کو بتایا ’منی یو پی اے‘، آج راہل گاندھی سے کریں گے ملاقات

کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی سے ملاقات سے قبل شیوسینا رکن پارلیمنٹ اور ترجمان سنجے راؤت نے کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی حکومت ایک منی یو پی اے کی طرح ہے جو اچھا کام کر رہی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گندھی سے ملاقات سے قبل شیوسینا رکن پارلیمنٹ اور پارٹی ترجمان سنجے راؤت نے ایک ایسا بیان دیا ہے جو مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے لیے ایک جھٹکا ہے۔ سنجے راؤت نے 7 دسمبر کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’مہا وکاس اگھاڑی حکومت ایک منی یو پی اے کی طرح ہے جو اچھا کام کر رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ میڈیا میں کئی طرح کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ کیا شیوسینا یو پی اے میں شامل ہو رہی ہے، اور کیا وہ اتر پردیش، گوا اور دیگر ریاستوں میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی حمایت کرے گی۔

راؤت کا کہنا ہے کہ ’’کانگریس ایم وی اے میں شیوسینا اور این سی پی کے ساتھ برسراقتدار ہے اور ریاستی حکومت بہت اچھا کام کر رہی ہے۔ ہم ایک مشترکہ کم از کم پروگرام کی بنیاد پر کام کرتے ہیں۔ یو پی اے یا یہاں تک کہ این ڈی اے کی طرح، جہاں الگ الگ نظریات والی پارٹی قومی اسباب کی بنا پر ایک ساتھ ہیں۔‘‘


شیوسینا ترجمان نے کہا کہ این ڈی اے میں آنجہانی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی قیادت میں کئی نظریاتی نااتفاقیاں تھیں، اور کچھ نے ایودھیا میں رام مندر کی مخالفت بھی کی، لیکن سبھی نے مل کر کام کیا۔ سنجے راؤت کا کہنا ہے کہ ’’ایم وی اے میں یکساں کم از کم پروگرام پر کام کرنے والی الگ الگ نظریات کی تین پارٹیاں ہیں۔ یہ ایک تجربہ ہے اور ایم وی اے ایک منی یو پی اے کی طرح ہے۔ اس طرح کے تجربات کو ملک میں کہیں دوسری جگہ بھی کیا جانا چاہیے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’یو پی اے ہو یا اپوزیشن پارٹی، انھیں آگے آنا چاہیے اور متبادل مہیا کرانا چاہیے اور یہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور این سی پی سربراہ شرد پوار دونوں کی سوچ ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔