منریگا کے معاملہ میں راہل گاندھی کا مرکز پر شدید حملہ، کہا- ’مزدوروں سے حق چھین کر طاقت دہلی میں سمیٹی جا رہی ہے‘

راہل گاندھی نے منریگا کو کمزور کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں، پنچایتوں اور ریاستوں کے اختیارات چھینے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کانگریس مزدوروں کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی

<div class="paragraphs"><p>تصویر ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے منریگا کو لے کر ایک بار پھر مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ راجدھانی میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے منریگا کارکنوں، مزدوروں اور عام لوگوں سے ملاقات کے دوران راہل گاندھی نے نہ صرف اس اسکیم کی موجودہ حالت پر گفتگو کی بلکہ حکومت پر اسے کمزور کرنے کا سنگین الزام بھی عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ منریگا محض ایک روزگار اسکیم نہیں بلکہ غریب اور محنت کش طبقے کے وقار، حق اور تحفظ کی ضمانت تھی، جسے دانستہ طور پر نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

بات چیت کے دوران شریک مزدوروں نے بتایا کہ پہلے منریگا کے تحت باقاعدگی سے کام ملتا تھا، جس سے ان کے گھروں کا خرچ چلتا تھا اور ہجرت رک گئی تھی، لیکن اب کام کا حصول مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ کئی کارکنوں نے شکایت کی کہ اجرت کی ادائیگی میں تاخیر معمول بن چکی ہے اور پنچایتوں کے اختیارات محدود کر دیے گئے ہیں، جس سے زمینی سطح پر مسائل بڑھتے جا رہے ہیں۔

راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک تفصیلی پوسٹ کے ذریعے حکومت سے سوال کیا کہ آخر منریگا کو برباد کرنے کے پیچھے مقصد کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مزدوروں سے دہاڑی طے کرنے کا حق چھینا جا رہا ہے، پنچایتوں کی طاقت سلب کر کے انہیں بے اختیار بنایا جا رہا ہے اور ریاستوں کے حقوق دہلی میں مرکوز کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ طرزِ عمل ملک کو ایک بار پھر ایسے نظام کی طرف لے جانے کی کوشش ہے جہاں طاقت اور دولت چند لوگوں تک محدود ہو۔


انہوں نے کہا کہ کم از کم اجرت، سال بھر کام کی گارنٹی اور عزت و وقار کے ساتھ روزگار کا حق منریگا کی اصل روح رہی ہے۔ راہل گاندھی کے مطابق کروڑوں مزدور ایک وقت میں فخر کے ساتھ کہتے تھے کہ منریگا نے ان کی زندگی بدل دی، مگر آج وہی مزدور یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ موجودہ حکومت محنت کشوں کو کمزور کرنے اور ان کے حقوق چھیننے کی سمت میں کام کر رہی ہے۔

راہل گاندھی کی پوسٹ کے ساتھ شیئر کی گئی ویڈیو میں مختلف ریاستوں سے آئے منریگا کارکن روزگار کے حق کے لیے آواز اٹھاتے نظر آئے۔ چھتیس گڑھ سے آئے ایک کارکن نے کہا کہ اس قانون کی وجہ سے نقل مکانی رکی اور بچوں کی تعلیم ممکن ہوئی۔ میگھالیہ سے آئی خاتون کارکن نے بتایا کہ منریگا نے خواتین اور مقامی آبادی کو خود مختار بنایا۔

ایک بیوہ خاتون نے کہا کہ اس اسکیم نے انہیں عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کا سہارا دیا، جو اب چھینا جا رہا ہے۔ راجستھان سے آئی ایک بزرگ خاتون نے کہا کہ طویل جدوجہد کے بعد یہ حق حاصل ہوا تھا، مگر اب غریبوں اور ضرورت مندوں کے حقوق کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

راہل گاندھی نے واضح کیا کہ کانگریس اس معاملے پر خاموش نہیں رہے گی اور منریگا سمیت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔