کسان تحریک: پولیس کے ساتھ جھڑپ میں زخمی ہوئے کسانوں سے راہل گاندھی کی بات چیت

راہل گاندھی نے زخمی کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے مطالبات کی حمایت کی اور یقین دلایا ’ہم آپ کے ساتھ ہیں‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / تصویر ایکس&nbsp;</p></div>

راہل گاندھی / تصویر ایکس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: اپنے مطالبات کے لیے دہلی آ رہے کسانوں پر شمبھو بارڈر پر پولیس نے لاٹھی چار ج اور آنسو گیس کے گولے داغے تھے جس میں کئی کسان زخمی ہو گئے۔ کانگریس کے لیڈر و ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ان زخمی کسانوں سے بات چیت کی اور انہیں ہمہ وقت ان کے ساتھ کھڑے ہونے کا یقین دلایا۔

سوشل میڈیا پر راہل گاندھی کی  زخمی کسانوں سے بات چیت کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں راہل گاندھی کسانوں سے ان کی طبعیت کے بارے میں سوال کرتے ہیں۔ ویڈیو میں راہل گاندھی یہ کہتے ہوئے سنے جاسکتے ہیں کہ آپ اپنے مطالبات کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں، آپ فکر نہ کریں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ بات چیت کے دوران راہل گاندھی زخمی کسانوں کی تعداد اور ان کو آئے ہوئے زخموں سے متعلق بھی دریافت کرتے ہوئے سنے جاسکتے ہیں۔


واضح رہے کہ کسان اپنے مطالبات کے لیے ’دہلی مارچ‘ پر نکلے ہوئے ہیں اور دہلی کے شمبھو بارڈ پر انہیں پولیس نے روکنے کی کوشش کی تھی۔ اس کوشش میں پولیس نے ربر کی گولیاں، آنسو گیس ولاٹھی چارج کیا جس میں کسان زخمی ہوگئے۔ ان سب کے درمیان حالات بے قابو سے ہوگئے۔ اس سے پہلے راہل گاندھی نے کہا تھا کہ اگر مرکز میں کانگریس کی حکومت آتی ہے تو کسانوں کو ایم ایس پی پر قانونی ضمانت دی جائے گی۔

راہل گاندھی نے کہا تھا کہ ’’کسان بھائیوں کے لیے یہ ایک تاریخی دن ہے۔ کانگریس نے سوامی ناتھن کمیشن کے مطابق ہر کسان کو ہر فصل پر ایم ایس پی کی قانونی ضمانت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ہمارا انتخابی منشور تیار کیا جا رہا ہے جس میں ہم کسانوں اور مزدوروں کے لیے بہت سی چیزیں لا رہے ہیں۔‘‘ راہل گاندھی کانگریس کی بھارت جوڑو نیا یاترا میں مصروف ہیں۔ اس دوران انہوں نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کسانوں کی حمایت میں کہا تھا کہ ’’یہ کسان اور کچھ نہیں مانگ رہے، وہ صرف اپنے حقوق مانگ رہے ہیں۔ جب وہ یہ مطالبات لے کر دہلی جا رہے ہیں تو انہیں روکا جا رہا ہے۔‘‘


واضح رہے کہ پہلے شمبھو بارڈر اور پھر جند بارڈر پر کسانوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ اس دوران ڈرون سے آنسو گیس کے گولے بھی فائر کیے گئے۔ مشتعل کسانوں نے سرحد پر بنائے گئے اوور برج کی ریلنگ توڑ دی۔ بدھ (14 فروری) کو پولیس نے دہلی کے ساتھ سرحد پر سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ پولیس اہلکاروں کے ساتھ انسداد فسادات کی گاڑیاں بھی تعینات کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ڈرون کے ذریعے بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔