پاکستانی سیاست میں کیا چل رہا ہے؟ زرداری صدر، شہباز شریف وزیر اعظم اور مریم نواز پنجاب کی وزیر اعلیٰ؟

پاکستان میں انتخاب کے بعد سے جاری مسلسل سیاسی بے اعتباری کے درمیان جو منظرنامہ تشکیل پا رہا ہے اس پر کئی حلقوں سے سوال کھڑے کیے جا رہے ہیں کہ کیا یہ ممکن ہے؟

<div class="paragraphs"><p>پاکستان انتخابات کے بعد حکومت سازی کا ممکنہ منظرنامہ</p><p> </p></div>

پاکستان انتخابات کے بعد حکومت سازی کا ممکنہ منظرنامہ

user

قومی آوازبیورو

پاکستان کی سیاست میں عام انتخابات کے 5 دن بعد حکومت سازی کے لیے حیرت انگیز منظر نامہ یہ تشکیل پاتا ہوا نظر آ رہا ہے کہ حکومت پاکستان مسلم لیگ (نواز) کی بنے گی، جس کی حمایت پاکستان کی 2 سیاسی پارٹیاں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) حمایت کریں گی۔ اس فارمولہ کے تحت پاکستان کے اگلے وزیر اعظم شہباز شریف ہوں گے جبکہ پارٹی کی سینئر نائب صدر مریم نواز وزیر اعلیٰ پنجاب اور آصف علی زرداری پاکستان کے صدر ہوں گے۔

نیوز ویب سائٹ ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق پی ایم ایل (ن) کی رہنما مریم اورنگ زیب نے بتایا کہ نواز شریف نے خود کو وزیر اعظم کے طور پر پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور شہباز شریف کو نیا وزیر اعظم اور مریم نواز کو پنجاب کی وزیر اعلیٰ کے طور پر فائنل کیا ہے۔ حکومت بنانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت میں حصہ داری کے لیے ہر وہ سیاسی پارٹی جو ساتھ ہے، وہ اپنی اپنی کمیٹیاں بنا رہی ہیں۔


نواز شریف نے ان سیاسی پارٹیوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے پی ایم ایل (ن) کو حکومت بنانے کے لیے حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے امید جتائی ہے کہ ایسے فیصلوں سے پاکستان مشکلات سے باہر آ جائے گا۔ حکومت سازی کا یہ ممکنہ منظرنامہ پی پی پی کے صدر بلاول بھٹو زرداری کے وزیراعظم نہ بننے کے اعلان کے بعد وجود میں آیا ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی نئی حکومت کا حصہ نہیں بنے گی، حالانکہ وہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پارٹی کی حمایت کریں گے۔

اس سیاسی اتحاد کے بعد شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کا راستہ صاف ہوتا نظر آ رہا ہے۔ عمران خان کے اقتدار سے ہٹنے کے بعد شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیر اعظم بنے تھے اور اپریل 2022 سے اگست 2023 تک وہ ملک کی باگ ڈور سنبھالے ہوئے تھے۔ وہ پی پی پی کی حمایت سے وزیر اعظم بنے تھے۔ واضح رہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں 266 سیٹیں ہیں، 265 سیٹوں کے نتائج جاری ہوئے۔ حکومت بنانے کے لیے 133 سیٹوں کی ضرورت ہے۔  8 فروری کے عام انتخابات  میں سب سے زیادہ سیٹیں سابق وزیر اعظم عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو حاصل ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔