پرینکا گاندھی آج شام پہنچیں گی لکھنؤ، ایک ہفتہ ٹھہر کر لیں گی انتخابی تیاریوں کا جائزہ

لکھنؤ دورہ کے دوران پرینکا گاندھی ریاست میں کانگریس کی انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے انتخابی منشور کمیٹی اور انتخابی مہم کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کریں گی۔

پرینکا گاندھی، تصویر ٹوئٹر@priyankagandhi
پرینکا گاندھی، تصویر ٹوئٹر@priyankagandhi
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش اسمبلی انتخاب کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی پیر کی شام سے ایک ہفتہ کے لکھنؤ دورہ پر رہیں گی۔ کانگریس لیڈروں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہفتہ بھر کے دورہ کے دوران لکھنؤ میں ریاستی لیڈروں اور پارٹی کے اہم کارکنان سے ملاقات کریں گی۔

ملی جانکاری کے مطابق پرینکا گاندھی اس دورے کے دوران ریاست میں پارٹی کی انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے انتخابی منشور کمیٹی اور انتخابی مہم کمیٹی کے ساتھ میٹنگیں بھی کریں گی۔ اس دورے کے دوران پرینکا گاندھی کے اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے ذریعہ منعقد ایک تربیتی پروگرام میں حصہ لینے کا بھی امکان ہے۔


پرینکا گاندھی کی ہدایت پر اتر پردیش کانگریس نے آئندہ سال کی شروعات میں ہونے والے اسمبلی انتخاب سے پہلے ’ہم وچن نبھائیں گے‘ ٹیگ لائن کے ساتھ ’کانگریس پرتگیا یاترا‘ نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ یاترا 12000 کلو میٹر کی دوری طے کرے گی اور عوام سے جڑنے کے لیے سبھی اہم گاؤں اور قصبوں سے ہو کر گزرے گی۔ یاترا کی تاریخ ابھی طے نہیں کی گئی ہے۔ حالانکہ ذرائع نے کہا ہے کہ اس کے 2 اکتوبر کو گاندھی جینتی پر شروع ہونے کا امکان ہے۔

کانگریس اسمبلی انتخاب سے کچھ مہینے قبل اکتوبر میں امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس کے لیے یو پی کانگریس نے اسمبلی انتخاب میں ٹکٹ کے لیے درخواست کی آخری تاریخ بڑھا دی ہے۔ ریاستی کانگریس صدر اجے کمار للو نے سبھی پارٹی یونٹس کو بھیجے خط میں کہا ہے کہ ممکنہ امیدواروں کی درخواستیں اب 10 اکتوبر تک حاصل کی جائیں گی۔ پہلے درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ 25 ستمبر تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔