چھتیس گڑھ میں ڈرون کے ذریعے خون کے نمونے بھیجنے کی تیاری، آزمائش کامیاب

چھتیس گڑھ میں مریضوں کا بہتر علاج کرنے کے مقصد سے خون کے نمونے بروقت اور جلدی بھیجنے کے لیے ڈرون کا استعمال کیا جائے گا۔ اس کی آزمائش امبیکاپور ضلع میں کی گئی، جو کامیاب رہی

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

رائے پور: چھتیس گڑھ میں مریضوں کا بہتر علاج کرنے کے مقصد سے خون کے نمونے بروقت اور جلدی بھیجنے کے لیے ڈرون کا استعمال کیا جائے گا۔ اس کی آزمائش امبیکاپور ضلع میں کی گئی، جو کامیاب رہی۔ خیال رہے کہ حکومت ہند کے پائلٹ پروجیکٹ ’یوز آف ڈرون ٹیکنالوجی ان ہیلتھ سروس ڈیلیوری‘ کے لیے چھتیس گڑھ کے امبیکاپور میں واقع راج ماتا شریمتی دیویندر کماری سنگھ دیو گورنمنٹ میڈیکل کالج کا انتخاب کیا گیا ہے۔

اس کے تحت کمیونٹی ہیلتھ سینٹر، ادے پور سے ڈرون کے ذریعے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں خون کے نمونے جمع کیے جائیں گے اور جانچ کے بعد رپورٹ کمیونٹی ہیلتھ سینٹر، ادے پور کو بھیجی جائے گی۔

اس پر عمل درآمد کے لیے پہلے مرحلے میں تجربے کے طور پر پیر کو میڈیکل کالج میں ڈرون کا پہلا ٹرائل کیا گیا۔ جانچ کے لیے خون کے نمونے اور او ٹی کلچر کے نمونے میڈیکل کالج سے 40 کلومیٹر دور ادے پور کمیونٹی ہیلتھ سینٹر سے ڈرون کے ذریعے بھیجے گئے۔


ریاست کے سرگوجا اور بستر کے دور دراز علاقوں میں واقع کمیونٹی ہیلتھ مراکز کی لیبارٹریوں میں بہت سے ٹیسٹ نہیں کیے جاتے ہیں۔ نمونے قریبی صحت مراکز کو بھیجنے پڑتے ہیں۔ ایسے میں ڈرون کی سہولت مریضوں کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہے۔

ٹرائل میں ڈرون کو میڈیکل کالج امبیکاپور سے ادے پور پہنچنے میں 30 منٹ لگے، جہاں اس نے ادے پور کے جھرمتی اسٹیڈیم گراؤنڈ میں کامیاب لینڈنگ کی۔ 15 منٹ کے اندر، خون کا نمونہ (600 گرام) ڈرون میں لاد کر واپس میڈیکل کالج امبیکاپور بھیج دیا گیا۔

اس پروجیکٹ کے تحت دو سیلف ہیلپ گروپس کی ’ڈرون دیدی‘ کو ڈرون آپریشن کی تربیت کے لیے دہلی بھیجا گیا تھا۔ جس میں ایک ڈرون دیدی کو ادے پور اور ایک ڈرون دیدی کو امبیکاپور کے لیے نمونے کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ کے کام کے لیے تربیت دی گئی۔ اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوتا ہے تو اسے ریاست کے تمام اضلاع میں لاگو کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔