چنڈی گڑھ میئر الیکشن: سپریم کورٹ آج بیلٹ پیپرز اور ووٹنگ کی ویڈیو کی جانچ پڑتال کرے گا

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے مبینہ خرید و فروخت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، بیلٹ پیپرز اور ویڈیو کی جانچ پڑتال کرنے کا فیصلہ کیا تھا

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ آف انڈیا / آئی اے این ایس</p></div>

سپریم کورٹ آف انڈیا / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: چنڈی گڑھ کے میئر انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے بی جے پی پر ووٹوں کی دھاندلی اور خرید و فروخت کے سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے الزامات کے درمیان سپریم کورٹ آج چنڈی گڑھ کے میئر الیکشن کے بیلٹ پیپرز اور گنتی کے عمل کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جانچ پڑتال کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق عدالت نے بیلٹ پیپرز پہلے ہی طلب کر لیے ہیں۔

خیال رہے کہ بی جے پی کے منوج سونکر نے چنڈی گڑھ کے میئر کا انتخاب 16 ووٹوں سے جیتا تھا۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی-کانگریس اتحاد کے امیدوار کلدیپ کمار کو شکست دی، جنہیں 12 ووٹ حاصل ہوئے۔ اس معاملے میں تنازع اس وقت کھڑا ہوا جب ریٹرننگ آفیسر انیل مسیح نے اتحادی جماعتوں کے آٹھ ووٹوں کو غلط قرار دیا۔ جس کے بعد بیلٹ پیپر میں چھیڑ چھاڑ کے الزامات لگائے جانے لگے۔


انتخابات کے بعد ایک ویڈیو وائرل ہوا جس میں بی جے پی کے اقلیتی سیل کے رکن مسیح کو عام آدمی پارٹی کے کونسلروں کے ذریعے ڈالے گئے بیلٹ پیپرز پر نشان لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔ سپریم کورٹ نے 5 فروری کو سماعت کے دوران اس فعل کی مذمت کرتے ہوئے اسے جمہوریت کا مذاق قرار دیا تھا۔ مبینہ خرید و فروخت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس جے بی پاردیوالا اور جسٹس منوج مشرا کی سپریم کورٹ کی بنچ نے بیلٹ پیپرز اور گنتی کے عمل کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جانچ کرنے کا فیصلہ کیا۔

فوری طور پر نئے انتخابات کا حکم دینے کے بجائے، عدالت نے پہلے ڈالے گئے ووٹوں کی بنیاد پر نتائج کا اعلان کرنے پر غور کرنے کا مشورہ دیا۔ عدالت نے پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل کو بھی آج نئی دہلی میں ریکارڈ پیش کرنے کے لیے طلب کیا ہے۔


سماعت کے دوران، سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے، چنڈی گڑھ انتظامیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے ذریعہ مقرر کردہ عدالتی افسر کی نگرانی میں نئے انتخابات کرانے کی بات کی۔ تاہم، غور و خوض کے بعد بنچ نے نتیجہ کا اعلان کرنے سے پہلے انتخابی عمل کو مکمل کرنے کا فیصلہ کیا۔ عدالت نے بیلٹ پیپرز کی گنتی کی نگرانی کے لیے جوڈیشل افسر کو نامزد کرنے اور ریٹرننگ افسر کی طرف سے کسی قسم کی تحریف کا نوٹس نہ لینے کی تجویز دی۔ اس کے بعد توجہ انیل مسیح کی ویڈیو کے معاملے پر مرکوز ہوئی جس پر بیلٹ پیپرز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا الزام تھا۔

رپورٹ کے مطابق آزاد ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار چیف جسٹس نے انتخابات کے انعقاد پر برہمی کا اظہار کیا اور ریٹرننگ افسر سے جرح کی۔ عدالت نے اسے جمہوری عمل کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور مسیح کو اس کے اقدامات پر سخت وارننگ جاری کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ مسیح صاحب میں آپ سے سوالات کر رہا ہوں، اگر آپ نے درست جواب نہیں دیا تو آپ کے خلاف کارروائی ہوگی، یہ ایک سنگین معاملہ ہے، ہم نے ویڈیو دیکھی ہے، آپ کیا کر رہے تھے؟ کیمرہ اور بیلٹ آپ کاغذ پر کراس کے نشان کیوں لگا رہے تھے؟"


چنڈی گڑھ کے میئر کے انتخابات میں شکست کا سامنا کرنے والے عآپ کے میئر عہدے کے امیدوار کلدیپ کمار نے پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے نئے انتخابات کے لیے عبوری ریلیف دینے سے انکار کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے کوئی عبوری حکم جاری نہ کرنے پر ہائی کورٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔