’بی جے پی والے ہماری حب الوطنی کی برابری کبھی نہیں کر پائیں گے‘، امیٹھی میں ملکارجن کھڑگے کا جلسۂ عام سے خطاب

کھڑگے نے کہا کہ ملک کے سرکاری محکموں میں 30 لاکھ عہدے خالی ہیں لیکن مودی حکومت ان عہدوں پر بھرتیاں نہیں کر رہی کیونکہ وہ نہیں چاہتی کہ ملک کے او بی سی اور ایس سی-ایس ٹی کو ملازمت ملے۔

<div class="paragraphs"><p>@INCIndia</p></div>

@INCIndia

user

قومی آوازبیورو

امیٹھی: کانگریس کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کو اتر پردیش میں خوب حمایت مل رہی ہے۔ مرد و خواتین اور بوڑھوں و بچوں کی بھیڑ ہر اس جگہ پر دکھائی دی جہاں جہاں سے یہ یاترا گزری۔ راہل گاندھی کی قیادت میں جاری یہ یاترا آج جب امیٹھی پہنچی تو لوگوں نے پرزور استقبال کیا۔ یہاں ایک جلسۂ عام سے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے خطاب بھی کیا اور عوام کو بتایا کہ کس طرح امیٹھی و رائے بریلی کو مودی حکومت نقصان پہنچا رہی ہے۔

ملکارجن کھڑگے نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ ’’کانگریس حکومت میں یہاں ہزاروں کروڑ روپے کے پروجیکٹ دیے گئے تھے، لیکن مودی حکومت نے آتے ہی ان پر روک لگا دی۔ یہ حکومت امیٹھی اور رائے بریلی کے لوگوں سے دشمنی نکال رہی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’یہاں میگا فوڈ پارک کا ایک پروجیکٹ تھا جس سے لاکھوں کسانوں کو فائدہ ہوتا۔ لیکن پی ایم مودی نے اسے بند کر دیا۔‘‘ وزیر اعظم مودی کو متنبہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’مودی جی یاد رکھیے، اگر یہ سلسلہ چلتا رہا تو یہ عوام آپ کو اقتدار سے باہر کر دے گی۔‘‘


امیٹھی کا خاص طور سے تذکرہ کرتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’امیٹھی کو پوری دنیا جانتی ہے۔ ہر ہندوستانی باشندہ کو امیٹھی پر فخر ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ یہ سبھی کے پیارے سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی، سابق کانگریس صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے ذریعہ خدمت کی جانے والی زمین ہے۔ راہل گاندھی کا امیٹھی کے ساتھ گہرا رشتہ ہے، وہ آج بھی آپ کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ آپ کے ساتھ رہیں گے۔‘‘

مودی حکومت میں بڑھتی بے روزگاری کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ ’’مودی حکومت روزگار کی بات کرتی ہے، لیکن آج ملک میں آنگن باڑی بہنوں اور آشا بہنوں کے دو لاکھ عہدے خالی ہیں۔ ان میں صرف اتر پردیش میں ہی 60 ہزار عہدے خالی ہیں، لیکن یہ ڈبل انجن کی حکومت بھرتی نہیں کر رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’ملک کے سرکاری محکموں میں 30 لاکھ عہدے خالی ہیں، لیکن مودی حکومت ان عہدوں پر بھرتیاں نہیں کر رہی۔ ایسا اس لیے کیونکہ وہ نہیں چاہتی کہ ملک کے او بی سی اور ایس سی-ایس ٹی کو ملازمت ملے اور وہ باوقار زندگی گزار سکیں۔‘‘


بی جے پی پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کانگریس صدر کھڑگے کہتے ہیں کہ ’’بی جے پی والے ہمیں حب الوطنی سکھاتے ہیں۔ وہ ہماری حب الوطنی کی برابری کبھی کر بھی پائیں گے! آزادی حاصل کرنے میں ہم نے اپنی پوری طاقت لگا دی۔ گاندھی جی سے لے کر جواہر لال نہرو تک سبھی جیل گئے اور آزادی حاصل کی۔ بھارت چھوڑو تحریک میں کانگریس کے 10 ہزار لوگوں نے اپنی قربانی دی۔ بی جے پی کے کتنے لوگوں نے جان دی؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔