سال 2021 میں اب تک پٹرول-ڈیزل کی قیمتیں 65 مرتبہ بڑھائی گئیں: کانگریس

کانگریس ترجمان راگنی نائک نے کہا کہ ’’مودی کے راج میں صرف اور صرف مہنگائی ہے، کمائی ٹھپ ہے، مہنگائی کی عروج اور کمائی کا زوال جاری ہے۔‘‘

تصویر ٹوئٹر @INCJammuKashmir
تصویر ٹوئٹر @INCJammuKashmir
user

یو این آئی

جموں: کانگریس کی قومی ترجمان راگنی نائک نے کہا کہ مودی حکومت نے رواں سال اب تک پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 65 بار بڑھائی ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ راگنی نائک نے کہا: 'مودی جی نے رواں سال اب تک پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 65 بار بڑھائی ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'جب یو پی اے کی سرکار تھی تو بین الاقوامی بازار میں خام تیل فی بیرل کی قیمت 108 ڈالر تھی۔ تب ہمارے ملک میں پٹرول کی قیمت 71 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 57 روپے فی لیٹر تھی'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'لیکن آج بین الاقوامی بازار میں فی بیرل کی قیمت محض 45 سے 50 ڈالر ہے لیکن ہمارے ہاں لوگوں سے پٹرول فی لیٹر کی قیمت 100 سے زیادہ لی جا رہی ہے'۔


راگنی نائک نے بی جے پی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ 'بہت بڑی بڑی باتیں کی گئی تھیں۔ بہت بڑے وعدے کیے گئے تھے۔ "بہت ہو گئی مہنگائی کی مار، مودی ہے تو ممکن ہے" یہ سبھی نعرے نریندر مودی نے سنہ 2014 میں دہلی کے تخت پر بیٹھنے کے لئے دیئے تھے'۔

انہوں نے کہا کہ 'وہ وعدے آج کہیں نہ کہیں کھوکھلے پڑ گئے ہیں، بے معنی پڑ گئے ہیں۔ مودی کے راج میں صرف اور صرف مہنگائی ہے۔ کمائی ٹھپ ہے۔ مہنگائی کی عروج اور کمائی کا زوال جاری ہے'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'پچھلے سال صرف دو ماہ یعنی اپریل اور مئی میں دو کروڑ نوکریاں چلی گئیں۔ مودی سرکار نے پچھلے سات سال کے دوران ایکسائز ڈیوٹی بڑھا کر 25 لاکھ کروڑ روپے کا منافع کمایا ہے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔