راجستھان: لوگ مودی حکومت کی کارگزاریاں نہیں سننا چاہتے، وزیر اعلیٰ کے جلسہ سے اٹھ کر جانے لگے لوگ، ویڈیو وائرل

راجستھان کانگریس صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے کہا کہ ریاستی عوام صرف 4 ماہ میں ہی بی جے پی سے ناراض ہو گئے ہیں، عوام نے بی جے پی کو ہٹانے کا ارادہ کر لیا ہے اور عوام ہی سب کی مالک ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر: ’ایکس‘ lalityadav901@</p></div>

تصویر: ’ایکس‘ lalityadav901@

user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر انتخابی مہم کے دوران ایک جانب وزیر اعظم مودی پورے ملک میں ’400 پار‘ کا نعرہ لگاتے گھوم رہے ہیں تو دوسری جانب ان کی ہی پارٹی کی حکومت والی ریاست راجستھان میں لوگ ان کی کارگزاریاں تک سننے کے لیے تیار نظر نہیں آ رہے۔ اس کا ایک مظاہرہ گزشتہ اتوار کو ہوا جب وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما جیسے ہی پی ایم مودی کی کارگزاریاں شمار کرانا شروع کرتے ہیں، لوگ جلسہ گاہ سے اٹھ کر جانے لگتے ہیں۔ اس کی ویڈیو اب وائرل ہو رہی ہے۔

نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ کے مطابق راجستھان کے وزیر اعلی بھجن لال شرما کو اس وقت عجیب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب لوگ ان کی انتخابی ریلی چھوڑ کر جانے لگے۔ لوگوں کو روکنے کے لیے اسٹیج پر بیٹھے لیڈران انہیں ہندو ہونے اور مہادیو کا بھکت ہونے تک کا واسطہ دینے لگے۔ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے کہا ہے کہ یہ ویڈیو گزشتہ 10 سالوں میں بی جے پی کی بدعنوانی کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ عوام بی جے پی سے ناراض ہے اور ان انتخابات میں اسے اقتدار سے ہٹانے کے لیے تیار ہے۔


خبروں کے مطابق گزشتہ اتوار (15 اپریل 2024) کو وزیر اعلی بھجن لال شرما بی جے پی امیدوار اندو دیوی جاٹو کی حمایت میں دھولپور میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرنے پہنچے تھے۔ اس دوران انہوں نے گزشتہ 10 سالوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرنا شروع کیا اور کہا کہ کام کیا ہے اور کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا۔ کچھ سلاخوں کے پیچھے ہیں اور باقی زیر تفتیش ہیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے مودی کی ترقی کی گارنٹی کا بھی نعرہ لگایا لیکن عین اسی وقت کچھ لوگ جلسہ گاہ سے اٹھ کر جانے لگے۔

تقریر کے درمیان جب لوگ اٹھ کر جانے لگے تو وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے اسٹیج سے لوگوں کو ہندو ہونے کا خیال دلانے لگے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ ہندو ہیں اور مہادیو کے بھکت ہیں تو بیٹھ جائیں۔ وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما اور دیگر لیڈران کے اس اعلان سے کچھ لوگ رکتے ضرور نظر آئے مگر یہ اعلان سن کر سب مسکرانے ضرور لگے تھے۔

اس واقعے پر ریاستی کانگریس کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے بی جے پی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریاستی عوام صرف 4 ماہ میں بی جے پی سے ناراض ہو گئے ہیں۔ لوگوں کو جلسے میں روکنے کے لیے بھگوان کی قسمیں دینی  پڑ رہی ہیں۔ عوام نے بی جے پی کو ہٹانے کا ارادہ کر لیا ہے اور عوام ہی مالک ہے۔ اس بار 400 سیٹیں جیتنا اس کا خواب ہی رہ جائے گا۔ بی جے پی اقتدار سے باہر جانے کے لیے تیار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔