’پاکستانی ٹیم میں رد و بدل کی ضرورت‘، امریکہ اور ہندوستان سے شکست کے بعد پی سی بی چیف سخت ناراض

پاکستان کرکٹ بورڈ چیف محسن نقوی نے کہا کہ مجھے لگتا ہے میچ جیتنے کے لیے پاکستانی ٹیم میں کچھ رد و بدل کی ضرورت ہے، مجھے لگتا ہے کہ اب ٹیم میں کچھ ضروری بدلاؤ کرنے ہوں گے۔

<div class="paragraphs"><p>پاکستانی ٹیم، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/TheRealPCB">@TheRealPCB</a></p></div>

پاکستانی ٹیم، تصویر@TheRealPCB

user

قومی آوازبیورو

ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستان سے پاکستان کو ملی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ پی سی بی چیف محسن نقوی نے امریکہ کے بعد ہندوستان کے خلاف ملی شکست پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم کی قیادت والی ٹیم میں رد و بدل کی ضرورت ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے خلاف نیویارک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے سامنے 120 رنوں کا چھوٹا ہدف تھا، لیکن پاکستانی ٹیم 7 وکٹ کے نقصان پر 113 رن ہی بنا پائی۔ اس کے بعد سے ہی پاکستانی ٹیم اور بابر اعظم سخت تنقید کا سامنا کر رہے ہیں۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق محسن نقوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’مجھے لگتا ہے میچ جیتنے کے لیے پاکستان ٹیم میں کچھ رد و بدل کرنے کی ضرورت ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اب ٹیم میں کچھ ضروری بدلاؤ کرنے ہوں گے۔‘‘


نقوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب ایسے کھلاڑیوں پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے جو گزشتہ کچھ وقت سے ٹیم سے باہر چل رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے جس طرح سے امریکہ اور اب ہندوستان کے خلاف میچ ہارے، وہ انتہائی مایوس کن ہے۔ ہمیں اب ان کھلاڑیوں پر غور کرنا ہوگا جو اس وقت ٹیم میں نہیں ہیں۔ ہر کوئی پوچھ رہا ہے کہ ٹیم اچھی کارکردگی کیوں پیش نہیں کر رہی۔ ابھی عالمی کپ چل رہا ہے، لیکن یقینی طور پر ہمیں کئی چیزوں پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

واضح رہے کہ پاکستان کو سپر-8 میں جگہ بنانے کے لیے کناڈا اور آئرلینڈ کے خلاف اگلے دو میچ میں بڑے فرق سے جیت درج کرنی ہوگی، لیکن ساتھ ہی اسے یہ بھی دعا کرنی ہوگی کہ امریکہ اپنے اگلے دونوں میچ ہار جائے۔ دراصل امریکہ نے 2 میچوں میں جیت حاصل کر 4 پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں اور اگر وہ ہندوستان و آئرلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے اپنے میچوں میں سے ایک بھی میچ جیت گیا تو 6 پوائنٹس کے ساتھ سپر-8 میں داخل ہو جائے گا اور پاکستان کے لیے سپر-8 کا دروازہ بند ہو جائے گا۔ ہندوستان (جس کے 2 میچوں میں 4 پوائنٹس ہیں) کو بھی سپر-8 میں پہنچنے کے لیے امریکہ و کناڈا میں سے کوئی ایک میچ جیتنا ہوگا اور قوی امکان ہے کہ روہت بریگیڈ دونوں ہی میچ جیت جائے۔


قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال ہوئے آئی سی سی یک روزہ عالمی کپ میں بھی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی انتہائی خراب رہی تھی۔ ٹیم لیگ راؤنڈ سے ہی باہر ہو گئی تھی۔ اس کے بعد پی سی بی اور پاکستانی ٹیم کی کپتانی میں بڑے پیمانے پر تبدیلی ہوئی تھی۔ بابر کو تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ شاہین ٹی-20 میں کپتان بنے تھے اور شان مسعود کو ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا۔ پھر جب ذکا اشرف کی جگہ محسن نقوی پی سی بی چیف بنے تو پھر سے کپتان بدلے گئے۔ بابر کو پھر سے ٹی-20 کی کپتانی سونپی گئی، اور اب ٹی-20 عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم کا جیسا حال ہو رہا ہے، کوئی حیرانی نہیں ہوگی اگر ایک بار پھر بابر سے کپتانی چھین لی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔