منور رانا کی مصیبتیں پھر بڑھیں، اشتعال انگیز بیان کے الزام میں ایف آئی آر درج

حضرت گنج تھانہ میں دی گئی تحریری شکایت میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ منور نے طالبان کا موازنہ والمیکی سے کر کے ملک کے کروڑوں دلتوں کو تکلیف پہنچائی، ان کی بے عزتی کی، اور ہندو عقیدت کو چوٹ پہنچائی ہے۔

منور رانا، تصویر سوشل میڈیا
منور رانا، تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

مشہور و معروف شاعر منور رانا کے ذریعہ طالبان کی حمایت میں بیان دینا، اور اس کا موازنہ رامائن کے مصنف والمیکی سے کرنا بھاری پڑ گیا ہے۔ ان کے خلاف لکھنؤ کی حضرت گنج کوتوالی پولیس نے ایف آئی آر درج کی ہے۔ حضرت گنج کوتوالی کے انچارج شیام شکلا نے اس تعلق سے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ والمیکی سماج کے لیڈر پی ایل بھارتی کی تحریر پر منور رانا کے خلاف مذہبی جذبات مشتعل کرنے اور دیگر کئی دفعات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

حضرت گنج کوتوالی انچارج کا کہنا ہے کہ پی ایل بھارتی نے حضرت گنج تھانہ میں شکایت درج کرائی جس میں انھوں نے دعویٰ کیا کہ منور نے طالبان کا موازنہ مہرشی والمیکی سے کر کے ملک کے کروڑوں دلتوں کو تکلیف پہنچائی ہے، ان کی بے عزتی کی ہے، اور ساتھ ہی ہندو عقیدت کو چوٹ پہنچائی ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ پی ایل بھارتی کے ساتھ ساتھ امبیڈکر مہاسبھا کے جنرل سکریٹری امرناتھ پرجاپتی نے بھی منور رانا کے خلاف شکایت درج کراتے ہوئے ان کے بیان کو شتعال انگیز قرار دیا اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


دراصل منور رانا نے گزشتہ دنوں ایک نیوز چینل کے ساتھ بات چیت کے دوران طالبان کا موازنہ مہرشی والمیکی سے کیا تھا، جس کے بعد دعویٰ کیا گیا کہ ملک کے کروڑوں دلت اس بیان سے بے عزتی محسوس کر رہے ہیں۔ منور رانا نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’’والمیکی پہلے کیا تھے اور بعد میں کیا ہو گئے۔ طالبان بھی پہلے سے بدل چکے ہیں۔ اب پہلے جیسا ماحول نہیں ہے۔‘‘ منور رانا کے اسی بیان کو لے کر ہنگامہ برپا ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔