ملکارجن کھڑگے کا بیان- ’ایک مزدور کے بیٹے، عام کارکن کو بنایا گیا کانگریس کا صدر، یہ میرے لئے جذباتی لمحہ‘

کانگریس کے نومنتخب صدر ملکارجن کھڑگے نے عہدہ سنبھالتے ہوئے کہا ’’آج ایک مزدور کے بیٹے، ایک عام کارکن کو انڈین نیشنل کانگریس کا صدر منتخب کر کے آپ نے مجھے جو عزت بخشی میں اس کے لئے شکر گزار ہوں‘‘

تصویر ٹوئٹر / @INCIndia
تصویر ٹوئٹر / @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملکارجن کھڑگے باضابطہ طور پر کانگریس کے صدر بن گئے ہیں۔ اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر دہلی میں انتخابی افسر مدھوسودن مستری نے انہیں جیت کا سرٹیفکیٹ فراہم کیا۔ صدر بننے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں کھڑگے نے پارٹی میں 50 فیصد عہدے 50 سال سے کم عمر کے لوگوں کو سونپنے کا اعلان کیا۔ کھڑگے نے کہا ’’ادے پور اجلاس میں پارٹی کے 50 فیصد عہدے 50 سال سے کم عمر کے لوگوں کو دینے کی تجویز کو نافذ کیا جائے گا۔‘‘

’کانگریس مکت بھارت‘ کے بی جے پی کے نعرے پر طنز کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا، ’’نیا ہندوستان بنانے کے لیے وہ ’کانگریس مکت بھارت‘ بنانا چاہتے ہیں، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ جب تک کانگریس موجود ہے وہ ایسا نہیں کر سکتے۔ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے اور اس کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔‘‘ نو منتخب کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے عہدے کی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے اپنی تقریر میں کہا ’’آج کا دن میرے لیے بہت جذباتی لمحہ ہے۔ آج، میں آپ سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے ایک مزدور کے بیٹے، ایک عام کارکن کو انڈین نیشنل کانگریس کا صدر منتخب کر کے یہ اعزاز بخشا۔‘‘


کھڑگے نے مزید کہا ’’میں نے سفر 1969 میں بلاک کانگریس کمیٹی کے صدر کے طور پر شروع کیا تھا اور آج آپ نے مجھے اس مقام تک پہنچا دیا ہے۔ جس عظیم سیاسی پارٹی کی قیادت مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لال نہرو، سبھاش چندر بوس، سردار پٹیل، مولانا آزاد، بابو جگجیون رام، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے کی اس کی ذمہ داری سنبھالنا، میرے لیے فخر کی بات ہے۔" انہوں نے کہا کہ جدید ہندوستان کی تشکیل میں کانگریس پارٹی کا بے مثال تعاون ہے۔ باباصاحب ڈاکٹر امبیڈکر نے اس ملک کے آئین کو بنانے میں اپنا حصہ ڈالا ہے، ہمیں اس ملک کے آئین کی حفاظت کے لیے لڑنا ہے۔

ملکارجن کھڑگے نے کہا ’’کانگریس جھوٹ اور نفرت کے دائرے کو توڑ دے گی۔ عوام سے اپیل ہے کہ پارٹی کے لیے نہیں جمہوریت بچانے کے لیے اکٹھے ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ یہ مشکل وقت ہے، کانگریس نے جس جمہوریت کو قائم کیا اسے بدلنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے لیے راہل گاندھی کا شکریہ، جس کے ذریعے پورے ملک میں نئی ​​توانائی پھونکی جا رہی ہے۔‘‘


اس موقع پر سونیا گاندھی نے کہا کہ صدر کے عہدے کی ذمہ داری کھڑگے کو سونپ کر وہ راحت محسوس کر رہی ہیں اور ان کے سر سے بڑا بوجھ اتر گیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’میں پارٹی کے نئے صدر کھڑگے جی کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ سب سے زیادہ اطمینان بخش بات یہ ہے کہ جنہیں صدر منتخب کیا گیا ہے وہ تجربہ کار اور زمین سے جڑے ہوئے لیڈر ہیں۔ ایک سادہ کارکن کے طور پر کام کرتے ہوئے وہ اپنی محنت اور لگن سے اس بلندی پر پہنچے ہیں۔ سونیا نے اپنے دور اقتدار کے لیے کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔‘‘

قبل ازیں، ملکارجن کھڑگے راج گھاٹ پر گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پہنچے۔ اس کے بعد وہ جواہر لال نہرو، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی اور بابو جگجیون رام کی سمادھی پر گئے اور ان سب کو سلام پیش کیا۔ اے آئی سی سی دفتر پہنچنے پر سونیا اور راہل گاندھی نے گلدستہ پیش کر کے اسٹیج پر کھڑگے کا استقبال کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔