مدھیہ پردیش ضمنی انتخاب: 28 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹ شماری کل، سیکورٹی انتظامات سخت

19 اضلاع کے 28 اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے لئے ووٹنگ تین نومبر کو ہوئی تھی اور مجموعی 63 لاکھ 67 ہزار سے زائد رائے دہندگان میں سے 70.27 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بھوپال: مدھیہ پردیش میں 28 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کے لئے ووٹوں کی گنتی صبح 8 بجے سخت حفاظتی انتظامات اور کورونا سے متعلقہ رہنما اصولوں پرعمل کرتے ہوئے ضلع صدر دفاتر میں شروع ہوگی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 19 اضلاع کے 28 اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے لئے ووٹنگ تین نومبر کو ہوئی تھی اور مجموعی63 لاکھ 67 ہزار سے زائد رائے دہندگان میں سے 70.27 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔

ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر 12 وزرا سمیت کل 355 امیدواروں کی تقدیر کا فیصلہ ہو جائے گا۔ منگل کے روز صبح آٹھ بجے پہلے پوسٹل بیلٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ اس کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) میں درج ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ خیال کیا جارہا ہے کہ دو گھنٹوں میں رجحان سامنے آنے شروع ہوجائیں گے اور دن کے 12 بجے تک نتائج کے تعلق سے تصویر واضح ہوجائے گی۔ مختلف ایجنسیوں کے ایگزٹ پول میں ریاست میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو برتری دکھائی گئی ہے۔ وہیں بی جے پی اور کانگریس لیڈروں کے جیت کے اپنے اپنے دعوے ہیں۔


کل 28 سیٹوں میں سے 25 پر متعلقہ اراکین اسمبلی کے استعفی اور 3 دیگر اراکین اسمبلی کی موت کی وجہ سے ضمنی انتخاب ہوئے ہیں ۔ سنہ 2018 کے اسمبلی انتخابات کے مطابق ان 28 سیٹوں میں سے 27 پر کانگریس اور واحد آگر سیٹ پر بی جے پی کا قبضہ تھا۔ ضمنی انتخاب میں ریاست کے 12 وزراء اور ریاست کے کچھ سابق وزراء کی ساکھ داؤ پر لگی ہے۔ سابق وزراء تلسی سیلوٹ (بی جے پی) اور گووند سنگھ راجپوت (بی جے پی ، سرکھی) ایک بار پھر اسمبلی پہنچنے کے لئے بیتاب ہیں۔

اس کے علاوہ ریاستی وزیر صحت پربھورام چودھری (سانچی)، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر اے سنگھ کنسانا (سومالی)، وزیر مملکت برائے زراعت گرراج ڈنڈوتیا (دیمنی)، وزیر مملکت پی ایس بھدوریا (مہگاؤں)، وزیر توانائی پردیومن سنگھ تومر (گوالیار)، خواتین اور اطفال کی ترقی کی وزیر امرتی دیوی (ڈبرا) اور وزیر مملکت برائے تعمیرات عامہ سریش (پوہری) کی ساکھ بھی داؤ پر لگی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */