کیرالہ بلدیاتی انتخاب: کانگریس کی قیادت والے یو ڈی ایف نے حاصل کی نتیجہ خیز سبقت، کھڑگے-راہل نے ادا کیا عوام کا شکریہ

کانگریس صدر کھڑگے نے کیرالہ بلدیاتی انتخابی نتائج سے خوش ہو کر کہا کہ ’’ہمیں پورا یقین ہے کہ آئندہ چند ماہ میں ہونے والے اسمبلی انتخاب میں بھی ہمارا اتحاد ’یو ڈی ایف‘ اسی طرح کا مینڈیٹ حاصل کرے گا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کانگریس کی قیادت والے یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) نے کیرالہ کے مقامی بلدیاتی انتخابات میں نتیجہ خیز سبقت حاصل کر لی ہے۔ بایاں محاذ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کو اس انتخاب میں زوردار جھٹکا لگا ہے، کیونکہ اسے ترووننت پورم کارپوریشن میں بھی جیت نہیں ملی ہے۔ کیرالہ کی 6 کارپوریشنز میں یو ڈی ایف نے 4، ایل ڈی ایف نے 1 اور بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے نے 1 کارپوریشن میں اپنی گرفت بنائی ہے۔ تروونت پورم کارپوریشن میں حیرت انگیز طور پر بی جے پی کو فتح حاصل ہوئی ہے۔ یعنی تروونت پورم کارپوریشن پر دہائیوں سے بایاں محاذ کا قبضہ ختم ہو گیا ہے۔ ترووننت پورم میں تو بی جے پی جیت کی نصف سنچری لگا لی ہے۔ 101 رکنی اس کارپوریشن میں بی جے پی کو 50، ایل ڈی ایف کو 29 اور یو ڈی ایف کو 19 سیٹوں پر جیت حاصل ہوئی ہے۔ 2 وارڈ آزاد امیدواروں نے جیتے ہیں۔ ایک سیٹ کا نتیجہ آنا ابھی باقی ہے۔

ووٹوں کی جاری گنتی کے درمیان جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس کے مطابق کانگریس کی قیادت والی یو ڈی ایف کی کارکردگی انتہائی بہتر ہے۔ شام تک ہوئی ووٹوں کی گنتی کو دیکھا جائے تو یو ڈی ایف اتحاد نے 187 میونسپل کارپوریشنوں، 1458 نگر پالیکاؤں، 153 پنچایتوں، 1229 بلاک پنچایتوں اور 7921 گرام پنچایتوں میں سبقت بنائی ہوئی ہے۔ یو ڈی ایف اتحاد میں کانگریس سب سے زیادہ 7706 بلدیاتی سیٹوں میں جیت کی طرف بڑھ رہی ہے، جبکہ 2808 بلدیوں کے ساتھ آئی یو ایم ایل دوسرے مقام پر ہے۔


کیرالہ بلدیاتی انتخابات میں کانگریس کی بہترین کارکردگی پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’کانگریس کیرالہ کی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے، جنھوں نے بلدیاتی انتخابات میں یو ڈی ایف کو فیصلہ کن مینڈیٹ دیا ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’ہمیں پورا یقین ہے کہ آنے والے چند ماہ میں ہونے والے اسمبلی انتخاب میں بھی ہمارا اتحاد ’یو ڈی ایف‘ اسی طرح کا مینڈیٹ حاصل کرے گا۔ اسی اعتماد کے ساتھ کیرالہ کانگریس مکمل ذمہ داری کے احساس اور متحد مقصد کے تحت مہم چلائے گی۔‘‘

کیرالہ انتخابی نتائج پر کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کا بھی مثبت رد عمل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’بلدیاتی انتخابات میں یو ڈی ایف پر اعتماد کرنے کے لیے کیرالہ کی عوام کو سلام۔ یہ ایک فیصلہ کن اور حوصلہ افزا مینڈیٹ ہے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’یہ ریزلٹ یو ڈی ایف پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی واضح علامت ہے اور آنے والے اسمبلی انتخاب میں بھرپور کامیابی کی راہ دکھاتا ہے۔‘‘ اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے وہ لکھتے ہیں کہ ’’پیغام بالکل واضح ہے، کیرالہ ایسی جواب دہ حکومت چاہتا ہے جو سنے، ردِعمل دے اور ریزلٹ فراہم کرے۔ اب ہماری غیر متزلزل توجہ یہی ہے کہ کیرالہ کی عوام کے ساتھ کھڑے ہوں، ان کے روزمرہ مسائل کو حل کریں اور شفاف و عوام کو ترجیح دینے والی انتظامیہ کو یقینی بنائیں۔‘‘ راہل گاندھی نے تمام منتخب نمائندوں کو مبارکباد بھی پیش کی اور کہا کہ ’’ہر پارٹی رہنما اور کارکن کے لیے میری مخلصانہ قدردانی، جن کی لگن اور محنت نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔