جمعیۃ علماء ہند کے ذریعہ دہلی فساد متاثرین کی مدد کا سلسلہ جاری، آج مقصود کو ملا تحفہ

مقصود کے آٹو کو شرپسندوں نے جلا کر خاکستر کر دیا تھا۔ جمعیۃ کے ذریعہ نیا آٹو پا کر مقصود بہت خوش تھا اور نئے سرے سے اپنی زندگی کا آغاز کرنے پر مطمئن بھی۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

یو این آئی

نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی میں تقریباً سات ماہ قبل ہونے والے فسادات کے متاثرین کے درمیان امدادی کاموں کاسلسلہ بدستور جای رکھتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند نے فساد متاثرین مقصودکوآٹو خرید کردیا۔مقصود کے آٹو کو فسادیوں نے فساد کے دوران جلادیا تھا۔ جمعیۃ کے ذریعہ جاری کردہ ریلیز کے مطابق صدرِ جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت پر متاثرین کے درمیان مدد فراہمی کے اس سلسلے کی تازہ کڑی کے تحت کراول نگر میں کرایہ پر رہنے والے مقصود کو آج جمعیۃ کی جانب سے آٹو خرید کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ مقصودکے آٹو کو شرپسندوں نے جلاکر خاکستر کردیاتھا۔ آٹوپاکر مقصودبہت خوش تھا اور نئے سرے سے اپنی زندگی کا آغازکرنے پر مطمئن بھی۔ مقصودکو آٹو کی چابی مولانا محمد مسلم قاسمی صدر جمعیۃ علماء دہلی نے اپنے دست سے دی اس موقع پر مفتی عبدالرازق مظاہری جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء دہلی، قاری محمد ساجد فیضی سکریٹری جمعیۃ علماء دہلی، الحاج سلیم رحمانی صدر جمعیۃ علماء شمال مشرقی دہلی مولانا جمیل اختر قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء شمال مشرقی دہلی،مہتاب عالم ودیگر معززین علاقہ موجود تھے۔


واضح ر ہے کہ جمعیۃ علماء ہند کی ایک ٹیم مستقل فساد متاثرین کے درمیان راحت ورسانی کے عمل میں سرگرم عمل ہے۔شمال مشرقی دہلی فساد متاثرہ علاقے کراول نگر،کھجوری خاص،گڑھی میہڈو،میں اب بھی مکانات کی تعمیر ومرمت کا کام جاری ہے جن میں سے اکثر مکانات کا کام مکمل ہوگیا ہے اور وہ متاثرین کے حوالے کردئے گئے ہیں اور باقی بھی انشاء اللہ بہت جلد متاثرین کے حوالے کردئے جائیں گے۔ فساد زدہ علاقوں میں شرپسندوں کے ذریعہ مساجد کو بھی بہت نقصان پہنچایاگیا تھا جس کی تعمیر ومرمت کا کام بھی ہنوزجاری ہیں، خاکستر کی گئی فاطمہ مسجد کھجوری خاص کا کام مکمل ہوگیا ہے جس میں باضابطہ نماز اداکی جارہی ہے۔ مسجد اللہ والی شہید بھگت سنگھ کالونی کراول نگر کا کام بھی آخری مرحلے میں ہے اور بہت جلد جنتی مسجد گوکل پوری کی مرمت کا کام بھی ان شاء اللہ شروع کردیا جائے گا۔ بھجن پورہ میں جلائے گئے ای رکشہ کے شوروم کے مالک رئیس احمد کومالی مدددی گئی ہے تاکہ وہ اپنے کام کو پھر سے شروع کرسکیں۔

قابل ذکر ہے کہ فساد متاثرین کی قانونی چارہ جوئی کے لئے جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے آن ریکارڈ ایڈووکیٹ ظہیرالدین بابرچوہان کی سربراہی میں دس وکیلوں کا ایک پینل مقررکردیا گیا ہے جو مستقل فسادمتاثرین کے مقدمات کی پیروی کررہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔