غریبوں کے لیے ’جہاں جھگی، وہیں مکان‘ منصوبہ سونیا گاندھی کا خواب تھا: سبھاش چوپڑا

کانگریس لیڈر اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ بی جے پی اور عآپ غریب مخالف پارٹیاں ہیں، میونسپل کارپوریشن میں دہلی کے باشندوں کو چاہیے کہ وہ کانگریس کو ووٹ دیں تاکہ ایک بار پھر عوام کے حق میں کام ہو سکے۔

کانگریس لیڈران پریس کانفرنس کرتے ہوئے
کانگریس لیڈران پریس کانفرنس کرتے ہوئے
user

قومی آوازبیورو

’’غریبوں کے لیے ’جہاں جھگی، وہیں مکان‘ اِن-سیٹو پروجیکٹ یو پی اے سربراہ سونیا گاندھی کا خواب تھا جسے اس وقت کے وزیر برائے شہری ترقی کمل ناتھ اور لیفٹیننٹ گورنر نے منظوری دے کر کالکا جی میں کاروباری زمین کو رہائشی زمین میں تبدیل کرا کر بغیر جھگی والوں کو ہٹائے 8064 فلیٹ بنانے کا راستہ صاف کیا اور 2013 میں یہ پروجیکٹ شروع کیا جسے 3 سالوں میں مکمل ہونا تھا۔ لیکن پہلے فیز میں بنے 3000 فلیٹ کو 9 سال بعد میونسپل الیکشن کا اعلان ہونے سے ایک دن قبل وزیر اعظم مودی کے ذریعہ غریب لوگوں کو چابی دے کر بی جے پی نے میونسپل انتخاب میں فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔‘‘ یہ بیان ساب دہلی پردیش کانگریس صدر اور میونسپل کارپوریشن الیکشن مہم کمیٹی کے چیئرمین سبھاش چوپڑا نے ایک پریس کانفرنس کے درمیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ لگاتار جھوٹے اور کھوکھلے وعدوں کے ساتھ ساتھ جھوٹے دعوے کر کے بی جے پی اور عآپ دہلی والوں کو گمراہ کر رہی ہے۔ سبھاش چوپڑا کا کہنا ہے کہ ’’راجیو رتن آواس کے تحت بنائے گئے فلیٹوں پر دونوں پارٹیاں جو سیاست کر رہی ہیں، اس کے بارے میں عوام سب جانتی ہے۔‘‘

سبھاش چوپڑا کا کہنا ہے کہ بی جے پی اور عآپ غریبوں کے ہمدرد بننے کا ڈھونگ کر کے ان کے جذبات سے کھلواڑ کر رہی ہیں، کیونکہ غریبوں کی فلاح کے لیے کانگریس حکومت کے ذریعہ 42000 فلیٹوں کو بنانے کے باوجود عآپ کی کیجریوال حکومت نے غریبوں کو 9 سالوں میں بھی یہ گھر الاٹ نہیں کیے۔ اور پھر مرکزی حکومت نے 17 فروری 2021 کو میٹنگ کر کے ان فلیٹوں کو غریبوں کو مالکانہ حق دینے کی جگہ کرایہ پر دینے کی تیاری کر رہی ہے۔ 16 جون 2021 کو کیجریوال حکومت نے میٹنگ کر کے انھیں کرایہ پر دینے کی حمایت کرتے ہوئے مہر بھی لگا دی۔


دہلی حکومت میں وزیر رہ چکے اروندر سنگھ لولی نے اس موقع پر کہا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن انتخاب میں کیجریوال حکومت اور بی جے پی دہلی کی عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔ کیجریوال لگاتار نئی نئی گارنٹی دے رہے ہیں اور پچھلی گارنٹی کو بھول جا رہے ہیں۔ کیجریوال میونسپل کارپوریشن انتخاب میں کارپوریشن ملازمین کو مستقل کرنے کی گارنٹی دے رہے ہیں، لیکن دہلی حکومت کے ہزاروں ملازمین جو معاہدے پر کام کر رہے ہیں اور غیر مستقل ہیں، انھیں مستقل کرنے کی کوئی گارنٹی نہیں دے رہے۔ کیجریوال پچھلی گارنٹی کو نظر انداز کیوں کر رہے ہیں۔

سابق رکن پارلیمنٹ پرویز ہاشمی نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ دہلی میں غریبوں کے لیے راجیو رتن آواس یوجنا کے تحت بنے فلیٹ اور اِن-سیٹو منصوبہ ’جہاں جھگی، وہیں مکان‘ کے تحت بنے فلیٹوں کی شروعات دہلی کی شیلا دیکشت حکومت نے غریبوں کی فلاح اور معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے کی تھی۔ اس کے لیے کانگریس کی مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ میں بل لا کر غریبوں کو مالکانہ حق دے کر فلیٹ بنا کر دینے کی منظوری دی۔ اب اِن-سیٹو منصوبہ کو وزیر اعظم مودی پوسٹر لگا کر بی جے پی کی اسکیم ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں جو گمراہ کن ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ سے غریبوں کی تکلیف سمجھتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی غریبوں کے مفادات کی حفاظت کرتی رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔