گجرات انتخابات: پہلے مرحلہ میں 89 سیٹوں پر ووٹنگ ختم، تقریباً 60.20 فیصد پولنگ ریکارڈ

گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ ختم ہو گئی ہے اور 89 سیٹوں پر تقریباً 60.20 فیصد پولنگ درج کی گئی ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

گاندھی نگر: گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ ختم ہو گئی ہے اور 89 سیٹوں پر تقریباً 60.20 فیصد پولنگ درج کی گئی ہے۔ تاہم حتمی اعداد و شمار میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ’ای وی ایم‘ میں کئی قدآوروں کی قسمت کا فیصلہ درج ہو گیا ہے۔ اس مرحلے میں حکمراں بی جے پی کی ساکھ پوری طرح سے داؤ پر لگی ہوئی ہے۔ اب دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 5 دسمبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔

اس مرحلے میں سوراشٹرا-کچھ اور جنوبی گجرات کے 19 اضلاع کی 89 سیٹوں کے لیے پولنگ ہوئی۔ شام 5 بجے تک کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کہا کہ پولنگ فیصد کے حتمی اعداد و شمار کا انتظار ہے۔ چند ایک واقعات اور ای وی ایم میں خرابی کی شکایات کو چھوڑ کر صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی۔


تاہم، پولنگ شروع ہونے کے فوراً بعد عام آدمی پارٹی کے گجرات ریاستی صدر گوپال اٹالیہ نے سست ووٹنگ کا الزام لگایا۔ انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ کتارگام علاقے میں جان بوجھ کر سست روی سے ووٹنگ کرائی گئی۔ الیکشن کمیشن کو صرف بی جے پی کے غنڈوں کے دباؤ میں اس طریقے سے کام کرنا ہے تو پھر آپ الیکشن کیوں کراتے ہیں؟ پوری ریاست میں ووٹروں کا اوسط 3.5 فیصد تھا، لیکن کتارگام میں صرف 1.41 فیصد ہی پولنگ ہو پایا تھا انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا ’’اس چھوٹے بچے کو ہرانے کے لئے اتنا نیچے مت گرو۔‘‘

گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بزرگوں میں بھی جوش و خروش دیکھا گیا۔ ایک 100 سالہ خاتون کامو بین لالہ بھائی پٹیل نے عمرگام میں پولنگ بوتھ پہنچ کر اپنا ووٹ ڈالا۔ دوسری جانب دن بھر انتخابی ہنگامہ آرائی کے درمیان کئی اہم لیڈران نے بھی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ان میں گجرات حکومت کے وزیر پورنیش مودی نے سورت کے ایک پولنگ بوتھ پر اپنا ووٹ ڈالا۔ دوسری طرف کانگریس امیدوار ارجن موڈھواڈیا نے پوربندر میں اپنا ووٹ ڈالا۔ پہلے مرحلے میں ہی گجرات بی جے پی کے صدر سی آر پاٹل نے سورت میں اپنا ووٹ ڈالا۔


وہیں، سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر وجے روپانی نے راجکوٹ میں اپنا ووٹ ڈالا۔ ان کے علاوہ بی جے پی امیدوار کانتی لال امرتیا نے موربی کے نیل کنٹھ ودیالیہ کے پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ ڈالا۔ بی جے پی نے یہاں سے ٹکٹ کاٹ کر موجودہ ایم ایل اے کو موقع دیا ہے۔ امریلی میں کانگریس امیدوار پریش دھانانی سائیکل پر سلنڈر لے کر ووٹ ڈالنے پہنچے۔

بی جے پی امیدوار اور کرکٹر رویندر جڈیجہ کی اہلیہ ریوابا جڈیجہ نے راجکوٹ میں اپنا ووٹ ڈالا۔ ریوابا جام نگر نارتھ سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔ اس دوران عآپ امیدوار الپیش کتھیریا نے سورت کے ایک پولنگ بوتھ پر اپنا ووٹ ڈالا۔ مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے درشنا جردوش نے سورت میں اپنا ووٹ ڈالا۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے اپنے خاندان کے ساتھ ووٹ ڈالا۔

گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج ہونے والی 89 سیٹوں میں سے 2017 کے اسمبلی انتخابات میں 48 سیٹوں پر بی جے پی نے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ 40 سیٹوں پر کانگریس اور ایک سیٹ پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔