ہنومان چالیسا تنازعہ: رکن پارلیمنٹ نونیت رانا اور رکن اسمبلی روی رانا کو عدالت نے دیا جھٹکا، وارنٹ جاری

سیشن کورٹ نے رکن پارلیمنٹ نونیت رانا اور رکن اسمبلی روی رانا کو نوٹس جاری کر 11 نومبر کو عدالت میں حاضر ہونے کہا تھا لیکن وہ نہیں پہنچے، آج بھی دونوں نہیں پہنچے جس کے پیش نظر وارنٹ جاری کیا گیا۔

روی رانا اور نونیت رانا / آئی اے این ایس
روی رانا اور نونیت رانا / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

رکن پارلیمنٹ نونیت رانا اور ان کے شوہر رکن اسمبلی روی رانا کو مہاراشٹر کے سیشن کورٹ نے زوردار جھٹکا دیا ہے۔ عدالت نے ہنومان چالیسا تنازعہ پر دونوں کے خلاف وارنٹ جاری کر دیا ہے۔ دراصل دونوں نے مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے گھر کے باہر ہنومان چالیسا پڑھنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد کافی تنازعہ پیدا ہو گیا تھا۔ اس معاملے میں سیشن کورٹ نے دونوں کے خلاف ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔

اس معاملے میں عدالت نے دونوں کو نوٹس جاری کر 11 نومبر کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی، لیکن دونوں ہی غیر حاضر رہے۔ آج بھی جب ہنومان چالیسا تنازعہ کو لے کر عدالت میں سماعت ہوئی تو نہ ہی نوین رانا پہنچیں اور نہ ہی روی رانا۔ دونوں کی غیر حاضری کو دیکھتے ہوئے عدالت نے دونوں کے خلاف ضمانتی وارنٹ جاری کر دیا۔ دونوں پر یہ بھی الزام ہے کہ سڑک پر اسٹیج بنا کر دیر رات لاؤڈاسپیکر پر ہنومان چالیسا بجایا گیا تھا جس کی وجہ سے وہاں ٹریفک جام ہو گیا تھا۔


قابل ذکر ہے کہ ہنومان چالیسا تنازعہ میں نوین رانا اور ان کے شوہر روی رانا کو ممبئی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ بعد میں انھیں کچھ شرائط کے ساتھ ضمانت مل گئی تھی۔ پھر اس تعلق سے پولیس نے بعد میں کہا تھا کہ دونوں نے شرائط کی خلاف ورزی کی ہے لہٰذا ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا جائے۔ حالانکہ اس معاملے میں بامبے ہائی کورٹ نے دونوں کی ضمانت رد کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اُس وقت عدالت کا کہنا تھا کہ ضمانت صرف خصوصی حالات میں ہی رد ہو سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔