جیند میں خاتون پہلوانوں کی حمایت میں امنڈا ہجوم، 28 مئی کو پارلیمنٹ کے سامنے مہاپنچایت میں ہوگا بڑا اعلان

مہاپنچایت میں پہنچے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ ہماری بیٹیوں کے ساتھ جو ناانصافی ہوئی ہے، اس کے لیے ہمیں کتنی بھی طویل لڑائی لڑنی پڑے، ہم اسے جیت کر ہی دم لیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>ہریانہ کے جیند میں خاتون پہلوانوں کی حمایت میں تقریب</p></div>

ہریانہ کے جیند میں خاتون پہلوانوں کی حمایت میں تقریب

user

دھیریندر اوستھی

آنے والے 28 مئی کو ایک طرف دہلی میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح ہو رہا ہوگا، تو دوسری طرف جنتر منتر پر بیٹھی ملک کی بیٹیوں اور خاتون پہلوانوں کی حمایت میں آر پار کی لڑائی کا اعلان ہو رہا ہوگا۔ اس کی عبارت آج ہریانہ میں لکھ دی گئی۔ ریاست کے جیند شہر سے تقریباً 12 کلومیٹر دور جیند-نروانا نیشنل ہائیوے پر واقع کھٹکڑ ٹول پلازہ پر آج مہاپنچایت میں امنڈا ہزاروں لوگوں کا ہجوم اس بات کی تصدیق کر رہا تھا کہ حکومت کے خلاف غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔ آج اس مہاپنچایت میں اعلان ہوا کہ 28 مئی کو دہلی میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ہونے والی مہاپنچایت میں بڑا فیصلہ لیا جائے گا۔

مہاپنچایت میں پہنچے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ ہماری بیٹیوں کے ساتھ جو ناانصافی ہوئی ہے اس کے لیے ہمیں کتنی بھی طویل لڑائی لڑنی پڑے، ہم اسے جیت کر ہی دم لیں گے۔ مہاپنچایت میں کثیر تعداد میں پہنچی خواتین میں کافی غصہ تھا۔ ونیش پھوگاٹ نے برج بھوشن سنگھ کو درندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خاتون کھلاڑی اپنے ساتھ ہو رہے استحصال کے سبب گزشتہ 12 سال سے تل تل کر مر رہی تھیں۔ برج بھوشن درندہ نوچ نوچ کر کھا رہا تھا۔ شرم اور خوف کے مارے خاتون پہلوان اپنے کنبوں کو بھی پوری بات بتا نہیں پاتی تھیں۔ کتنی ہی پہلوان اس درندے کی وہج سے درمیان میں ہی اپنی پہلوانی چھوڑ چکی ہیں۔ اب اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ناانصافی کے خلاف سڑک پر بیٹھنا پڑا ہے۔


ونیش پھوگاٹ نے کہا کہ یہ ترنگے کی آن بان شان کی لڑائی ہے۔ جان چلی جائے گی، لیکن شان نہیں جانے دیں گے۔ جب وہ میڈل لے کر آئے تھے تو لگا تھا کہ یہاں بیٹیوں کی بہت عزت ہوتی ہے، لیکن اب یہ حال ہے کہ ہم سڑکوں پر بیٹھی ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ ونیش نے کہا کہ 28 مئی کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے مہاپنچایت ہوگی۔ اس میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں خواتین اور نوجوانوں سے وہاں پہنچنے کی اپیل ہے۔ ساتھ ہی سبھی سے ڈسپلن کے دائرے میں آنے کے لیے کہا۔ ونیش نے کہا کہ کشتی ہی نہیں، سبھی کھیلوں میں برج بھوشن جیسے درندے بیٹھے ہیں۔ اب سبھی کو اکھاڑ پھینکیں گے، لیکن اس کے لیے سبھی متاثرین کو آگے آنا ہوگا۔

اس موقع پر بجرنگ پونیا نے کہا کہ 28 مئی کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے مہاپنچایت ہوگی۔ مائیں اس کی قیادت کریں گی۔ اس مہاپنچایت میں آر پار کا فیصلہ لیا جائے گا۔ یہ ترنگے کی آن، بان اور شان کی لڑائی ہے جو ہر حال میں ہمیں جیتنی ہوگی۔ برج بھوشن کہتے ہیں کہ ان کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا، لیکن وہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہم سر جھکا سکتے ہیں تو سر کاٹ بھی سکتے ہیں۔ بجرنگ نے زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگوں سے پہنچنے کی اپیل کی۔


پونم کنڈیلا نے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب کھلاڑی ملک کے لیے میڈل لا رہے تھے تب وزیر اعظم نریندر مودی انھیں گلے لگا رہے تھے۔ لیکن اب جب وہی کھلاڑی اپنے ساتھ ہوئی ناانصافی کو بیان کر رہے ہیں اور انصاف مانگ رہے ہیں تو ان کا درد وزیر اعظم تک نہیں پہنچ پا رہا ہے۔ اقتدار کے نشے میں چور بی جے پی حکومت کو کھلاڑیوں کے ہر آنسو کی قیمت چکانی ہوگی۔ مہاپنچایت میں کسان یونین چڈھونی گروپ کے سربراہ گرنام سنگھ چڈھونی بھی پہنچے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔