جانبازوں کی لاش لے جا رہی ایمبولنس اور پولیس وین حادثہ کا شکار، 7 جوان زخمی

آج صبح جانبازوں کی لاش کو ویلنگٹن میں فوجی اسپتال سے مدراس ریجمنٹل سنٹر لایا گیا جہاں تلنگانہ کی گورنر اور پڈوچیری کی لیفٹیننٹ گورنر تملسائی سندرراجن سمیت متعدد شخصیتوں نے خراج عقیدت پیش کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک جانبازوں کی لاشوں کو لے جا رہے قافلے میں شامل ایک ایمبولنس اور ایک پولیس گاڑی تمل ناڈو کے ویلنگٹن سے سولور کے درمیان راستے میں حادثے کا شکار ہو گئی۔ ایمبولنس میں رکھی لاشوں کو دوسرے ایمبولنس میں منتقل کر کے آگے روانہ کیا گیا۔ حادثے میں سات پولیس جوانوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

یہ دو الگ الگ حادثات ہیں جو آج اس وقت ہوئے جب ایمبولنس اور سیکورٹی کی گاڑیوں کا قافلہ ویلنگٹن سے سولور ہوائی اڈے کی جانب جا رہا تھا۔ اچانک پولیس گاڑی کا ایکسل ٹوٹ گیا اور حادثہ سرزد ہو گیا۔ گاڑی ڈرائیور نے گاڑی کو روکا اور اسی عمل میں وہ سڑک کنارے دیوار سے جا ٹکرایا۔ اس واقعہ میں سات پولیس اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئیں اور انھیں میٹوپالیم کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا۔


اس واقعہ کے کچھ ہی منٹ بعد ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک جانبازوں کی لاشوں کو لے جانے والی ایمبولنس میں سے ایک معمولی حادثہ کا شکار ہو گیا۔ حادثے کے فوراً بعد ایمبولنس میں رکھی گئی لاشوں کو دوسرے ایمبولنس میں منتقل کر دیا گیا اور اس کے بعد سبھی گاڑی بہ حفاظت سولور ائیربیس کی طرف بڑھ گئے۔

اس سے پہلے لاشوں کو جمعرات کی صبح ویلنگٹن میں فوجی اسپتال سے مدراس ریجمنٹل سنٹر (ایم آر سی) منتقل کر دیا گیا، جہاں تلنگانہ کی گورنر اور پڈوچیری کی لیفٹیننٹ گورنر تملسائی سندرراجن، تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، ائیر چیف مارشل وی آر چودھری، سینئر فوجی افسران اور دیگر لوگوں نے جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔


واضح رہے کہ بدھ کی دوپہر تمل ناڈو کے کنور ضلع کے پاس ہندوستانی فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہو گیا تھا، جس میں ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، ان کی بیوی مدھولیکا راوت کے علاوہ 11 فوجی افسران اور جوانوں کی موت ہو گئی۔ اس حادثے میں صرف فضائیہ کے گروپ کیپٹن ورون سنگھ زندہ بچے ہیں، حالانکہ ان کی حالت بھی سنگین بنی ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔