نفرت انگیز تقریر پر پابندی عائد کی جائے، راجیہ سبھا میں ملکارجن کھڑگے کا مطالبہ

راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے آج ملک میں ہیٹ اسپیچ یعنی نفرت انگیز تقریر دیے جانے پر پابندی عائد کئے جانے کا مطالبہ کیا، تاہم ان کے تحریک التوا کے نوٹس کو نامنظور کر دیا گیا

ملکارجن کھڑگے، تصویر آئی اے این ایس
ملکارجن کھڑگے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے آج ملک میں ہیٹ اسپیچ یعنی نفرت انگیز تقریر دیے جانے پر پابندی عائد کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ کھڑگے نے ضروری دستاویز ایوان کی میز پر رکھے جانے کے بعد کہا کہ ملک کے کچھ حصوں میں نفرت انگیز تقاریر کی جا رہی ہیں۔ یہ ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے اس معاملے پر ضابطہ 267 کے تحت تحریک التوا کا نوٹس بھی پیش کیا، تاہم اسے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے نامنظور کرتے ہوئے اس معاملہ پر بحث کرانے سے انکار کر دیا۔

انہوں نے اس کے بعد حزب اختلاف کے لیڈر ملکارجن کھڑگے کو اس معاملہ پر مختصر بیان کی اجازت دی۔ کھڑگے نے کہا کہ ایک خصوصی طبقہ کے خلاف نفرت انگیز بیانات کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں ان صحافیوں کے استحصال کا بھی مسئلہ اٹھایا جو دہلی میں مبینہ نفرت انگیز بیان سے متعلق ایک تقریب کو کور کر رہے تھے۔


وینکیا نائیڈو نے کہا کہ کسی کو بھی، خواہ وہ اقلیتی طبقہ سے ہو یا اکثریتی طبقہ سے، اسے نفرت انگیز تقریر اور لوگوں کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کل کے ایوان میں کام کاج پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسے یادگار کے طور پر انہوں نے ریکارڈ رکھ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کل دو بل پاس کیے گئے اس دوران اراکین نے صبر کا ثبوت دیا۔ انہوں نے ڈپٹی چیئرمین اور وزراء کی بھی تعریف کی۔ کل راجیہ سبھا میں دوپہر کا وقفہ نہیں ہوا تھا اور ایوان کا کام کاج عام طور پر متعین وقت سے زیادہ تاخیر تک چلا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔