’اویسی جھوٹے ہیں، ٹرین پر کوئی پتھراؤ نہیں ہوا‘، جانچ کے بعد گجرات پولیس کا دعویٰ

ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ جب وندے بھارت ایکسپریس جنوب کی طرف بڑھ رہی تھی اسی وقت پچھم ایکسپریس شمال کی جانب بڑھ رہی تھی، تبھی اچانک ایک پتھر اچھل کر کھڑکی سے ٹکرا گیا۔

ٹرین میں سفر کرتے اسدالدین اویسی، تصویر آئی اے این ایس
ٹرین میں سفر کرتے اسدالدین اویسی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

گجرات انتخاب کے لیے ریاست کے دورے پر پہنچے اے آئی ایم آئی ایم چیف اسدالدین اویسی کی ٹرین پر پتھراؤ سے متعلق پارٹی کے دعوے کو گجرات ریلوے پولیس نے غلط ٹھہرا دیا ہے۔ ریل پولیس نے کہا کہ بغل کی لائن سے دوسری ٹرین گزرنے کے سبب ایک پتھر اچھل کر وندے بھارت ایکسپریس کی کھڑکی سے ٹکرا گیا۔ اتفاق سے اویسی اسی بوگی میں سفر کر رہے تھے۔

اس سے قبل اے آئی ایم آئی ایم ترجمان وارث پٹھان نے پیر کی شام الزام عائد کیا کہ جب پارٹی لیڈر اسدالدین اویسی وندے بھارت ٹرین میں احمد آباد سے سورت کا سفر کر رہے تھے تو اس کوچ پر پتھراؤ کیا گیا جس میں اویسی بیٹھے تھے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ یہ حملہ اے آئی ایم آئی ایم لیڈر کو چوٹ پہنچانے کے لیے کیا گیا۔


اے آئی ایم آئی ایم کے ذریعہ برسرعام الزام عائد کیے جانے کے فوراً بعد گجرات ریلوے پولیس نے اس کی جانچ شروع کی۔ پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ گور نے بتایا کہ انکلیشور اور سورت کے درمیان ٹریک پر ریلوے کا کام چل رہا ہے۔ جب وندے بھارت ایکسپریس جنوب کی طرف بڑھ رہی تھی اسی وقت پچھم ایکسپریس شمال کی جانب بڑھ رہی تھی، تبھی اچانک ایک پتھر اچھل کر کھڑکی سے ٹکرا گیا۔

افسر نے کہا کہ جائے واقعہ کے آس پاس کوئی بھی رہائشی نہیں ہے۔ اس لیے کسی بھی غنڈہ گردی کا اندیشہ نہیں ہے۔ جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ نہ تو کوئی زخمی ہوا اور نہ ہی بدلہ لینے کے ارادے سے کوئی سازش رچی گئی۔ محکمہ ریل کے ذرائع نے بتایا کہ پتھر سیٹ نمبر ای1-25 کے بغل کی کھڑکی پر لگا تھا، جب کہ اویسی ای1-21 پر بیٹھے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔