گجرات انتخابات: سورت کے بی جے پی کونسلر پر مثالی ضابطہ اختلاق کی خلاف ورزی کا الزام، پولیس نے کیا گرفتار

الیکشن ڈیوٹی آفیسر جے ایس رانا نے کہا کہ انہیں جو ویڈیو کلپ موصول ہوئی ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاٹل نے اودھنا حلقہ کے پولنگ اسٹیشن نمبر 176 پر مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

گاندھی نگر: سورت میں مثالی ضابطہ اخلاق (ایم سی سی) کی خلاف ورزی کرنے پر بی جے پی کے ایک کونسلر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ شرد پاٹل کو جمعہ کی دیر شام گرفتار کیا گیا اور بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد پاٹل نے ووٹروں سے بی جے پی کو ووٹ دینے کی اپیل کی تھی۔

اپنی شکایت میں الیکشن ڈیوٹی آفیسر جے ایس رانا نے کہا کہ انہیں جو ویڈیو کلپ موصول ہوئی ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاٹل نے اودھنا حلقہ کے پولنگ اسٹیشن نمبر 176 پر مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔ سورت پولیس نے کونسلر کے خلاف عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 130 کا اطلاق کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک اور ویڈیو میں بی جے پی کے کلول (ضلع پنچ محل) کے امیدوار فتح سنگھ چوہان کو باریا اور چٹا گاؤں میں اپنے لیے انتخابی مہم چلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔


پنچ محل ضلع سے عآپ کے امیدوار دنیش باریا نے الزام لگایا، ’’چوہان کھلے عام کارکنوں کو بغیر کسی خوف کے 1000 سے 3000 فرضی ووٹ ڈالنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔‘‘ باریا نے الزام لگایا کہ اگرچہ انہوں نے ریٹرننگ آفیسر کو ذاتی طور پر اور آن لائن بھی اس معاملے کی شکایت کی ہے لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */