گینگسٹر وکاس دوبے کا ساتھی 'رامو باجپئی' بھی گرفتار، بکرو واقعہ میں استعمال اسلحہ برآمد

اتر پردیش کے کانپور واقع بکرو واقعہ میں شامل نامزد 50 ہزار کا انعامی راویندر کمار عرف رامو باجپئی کو پولس نے پیر کے روز گرفتار کر لیا۔ رامو تقریباً دو مہینے سے فرار چل رہا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

کانپور انکاؤنٹر یعنی بکرو واقعہ میں شامل نامزد 50 ہزار کا انعامی راویندر کمار عرف رامو باجپئی کو پولس نے پیر کے روز گرفتار کر لیا ہے۔ رامو باجپئی تقریباً دو مہینے سے فرار چل رہا تھا۔ رامو باجپئی کے پاس سے پولس نے بکرو واقعہ میں استعمال کیے گئے رائفل کے ساتھ بڑی تعداد میں کارتوس بھی برآمد کیا ہے۔ کانپور کے سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ ایس ایس پی پریتندر سنگھ نے بتایا کہ بکرو گاؤں میں سی او سمیت آٹھ پولس اہلکاروں کے قتل واقعہ میں فرار چل رہے 50 ہزار روپے کے انعامی نامزد اور قتل کے ملزم راویندر کمار عرف رامو باجپئی کو ایس ٹی ایف اور پولس کی مشترکہ ٹیم نے گرفتار کر لیا ہے۔

پریتندر سنگھ نے بتایا کہ پولس نے اسے بابا کنواں چوراہا سے گرفتار کیا ہے۔ اس کے پاس سے 315 بور کی ایک رائفل، ایک کارتوس اور 5 کھوکھے برآمد کیے گئے ہیں۔ پولس ٹیم اس سے واقعہ کے متعلق پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ اس واقعہ میں جتنے لوگ بھی نامزد ملزم تھے، سبھی پکڑ لیے گئے ہیں۔ کچھ مارے گئے ہیں، باقی ساتھی گرفتار ہو چکے ہیں۔ کچھ لوگوں نے عدالت میں خودسپردگی بھی کی ہے۔ واقعہ میں جتنے نامی ملزم تھے سب پکڑے جا چکے ہیں۔ کچھ کا نام بعد میں جوڑا گیا ہے، ان کی تلاش جاری ہے۔ پولس سے لوٹے گئے سبھی اسلحوں کو برآمد کر لیا گیا ہے۔ پکڑے گئے ملزمین کے خلاف این ایس اے کے تحت کارروائی کی جائے گی۔


غور طلب ہے کہ 2 جولائی کی رات کو بکرو واقعہ میں گینگسٹر وکاس دوبے کے گھر چھاپہ مارنے پہنچی کانپور پولس ٹیم پر گینگسٹر اور اس کے ساتھیوں نے حملہ کر دیا تھا جس میں سی او دیویندر مشرا سمیت آٹھ پولس اہلکار شہید ہو گئے تھے۔ اس کے بعد ایس ٹی ایف نے اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے خونخوار جرائم پیشہ وکاس دوبے سمیت اس کے پانچ ساتھیوں کو تصادم میں ڈھیر کر دیا تھا۔ اس پورے معاملے میں 26 سے زیادہ لوگوں کو جیل بھیجا جا چکا ہے۔ وکاس کے 7 ساتھی خودسپردگی بھی کر چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔