اہم خبریں: پرنب مکھرجی کے انتقال پر سونیا گاندھی کا اظہارِ غم، بیٹی شرمسٹھا کو لکھا تعزیتی خط

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

31 Aug 2020, 10:58 PM

پرنب مکھرجی کے انتقال پر سونیا گاندھی کا اظہارِ تعزیت

سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے انتقال پر کانگریس صدر سونیا گاندھی نے انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بیٹی شرمسٹھا مکھرجی کو تعزیتی خط لکھا ہے۔ خط میں انھوں نے کہا ہے کہ "پرنب دا پانچ دہائیوں سے زیادہ وقت تک عوامی زندگی، کانگریس پارٹی اور مرکزی حکومت کا اٹوٹ حصہ رہے۔ انھوں نے ہر عہدہ پر فائز ہونے کے ساتھ اسے وقار بخشنے کا کام کیا اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ ان کی قربت تھی۔ ان کا گزشتہ 50 سالوں سے زیادہ وقت کی زندگی ہندوستان کے 50 سالوں کی تاریخ کی عکاسی کرتی ہے۔"

31 Aug 2020, 9:42 PM

پرنب مکھرجی آر ایس ایس کے لیے راہنما کی طرح تھے: موہن بھاگوت

سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے انتقال پر آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے بھی اظہارِ رنج و غم کیا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل 'اے بی پی' پر شائع ایک خبر کے مطابق انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ "پرنب مکھرجی آر ایس ایس کے لیے راہنما کی طرح تھے اور ہمارے تئیں ان کی محبت تھی۔ ان کے انتقال سے آر ایس ایس کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔"

31 Aug 2020, 9:07 PM

'کووڈ-19 پروٹوکول' کے تحت پرنب مکھرجی کی آخری رسومات ادا ہوگی

سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کا جسد خاکی یکم ستمبر کی صبح تقریباً 10 بجے ان کی رہائش گاہ پر لے جایا جائے گا۔ جسد خاکی کو یہاں لوگوں کے لیے آخری دیدار کے مقصد سے کچھ دیر رکھا جائے گا۔ ان کی آخری رسومات 'کووڈ-19 پروٹوکول' کے تحت ادا کیا جائے گا۔ دراصل 10 اگست کو وہ کورونا پازیٹو پائے گئے تھے جس کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور پھر علاج شروع ہوا تھا۔


31 Aug 2020, 7:39 PM

پرنب مکھرجی کے انتقال پر 31 اگست سے 6 ستمبر تک قومی غم کا اعلان

حکومت ہند نے سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے انتقال کے بعد 7 روزہ قومی غم کا اعلان کیا ہے۔ حکومت ہند نے اس سلسلے میں آرڈر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرنب مکھرجی کے انتقال پر پورے ہندوستان میں 31 اگست سے 6 ستمبر تک سات روزہ سرکاری غم منایا جائے گا۔"

31 Aug 2020, 7:20 PM

"نیپال نے اپنا اچھا دوست کھو دیا"، پرنب مکھرجی کے انتقال پر نیپالی پی ایم کا بیان

نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی نے پرنب مکھرجی کے انتقال پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "نیپال نے اچھے دوست کو کھو دیا ہے۔ ہندوستان اور نیپال کے رشتوں کو مضبوط بنانے میں ان کا بہت بڑا تعاون ہے۔"


31 Aug 2020, 6:56 PM

پرنب مکھرجی کو ان کی ایمانداری اور ہمدردی کے لیے ہمیشہ یاد کیا جائے گا: کانگریس

سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے انتقال کی خبر سے سیاسی حلقے میں سوگ کی لہر ہے۔ کانگریس نے اپنے آفیشیل ہینڈل سے ان کے انتقال پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "محترم پرنب مکھرجی کے انتقال سے ہم گہری تکلیف میں ہیں۔ ہندوستان کے سابق صدر اور کانگریس پارٹی کے سب سے بڑے لیڈروں میں سے ایک پرنب مکھرجی کو ان کی ایمانداری اور ہمدردی کے لیے ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔"

31 Aug 2020, 5:59 PM

سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کا انتقال، بیٹے نے ٹوئٹ کر دی جانکاری

21 دنوں تک آرمی ریسرچ اینڈ ریفرل اسپتال میں بہترین ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج کے باوجود سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کا آج انتقال ہو گیا۔ اس کی خبر ان کے بیٹے ابھجیت مکھرجی نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے دی ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ "انتہائی افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ میرے والد پرنب مکھرجی آر آر اسپتال کے ڈاکٹروں کی بھرپور کوشش اور پورے ہندوستان کے لوگوں کی دعاؤں کے باوجود اس دنیا میں نہیں رہے۔ آپ سب کی دعاؤں کے لیے شکریہ۔"


31 Aug 2020, 5:03 PM

کنگا ندی کے پانی کے بہاؤ میں 55 مکانات تباہ

کلکتہ : کنگا ندی میں اچانک پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے مالدہ ضلع میں 55 مکانات بہہ گئے ہیں۔ کالیا چک بلاک کے بی ڈی او گوتم دتہ نے کہا کہ بیرانگر گرام پنچایت کے تحت چینا بازار میں 70 میٹر زمین اور 55 مکانات پانی میں بہ گئے ہیں۔ اس سے 55خاندان بے گھر ہوگئے ہیں۔ انہیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور ترپال فراہم کیے گئے ہیں۔ دیگر ریلیف سامان بھی دئیے گئے ہیں۔ بی ڈی او نے کہا کہ مالدہ ضلع مجسٹریٹ راج شری مترا نے فرکا بیرج اتھارٹی سے بات کی ہے اور انہیں مشورہ دیا ہے کہ لاک گیٹ سے پانی چھوڑیں۔ کیوں کہ اچانک پانی چھوڑنے کی وجہ سے بڑے نقصانات کا اندیشہ ہے۔

31 Aug 2020, 3:56 PM

بارہمولہ میں گرینیڈ دھماکہ، 6 عام شہری زخمی

سری نگر: شمالی کشمیر کے قصبہ بارہمولہ میں پیر کے روز مشتبہ ملی ٹنٹوں کی جانب سے کیے گئے ایک گرینیڈ حملے میں کم از کم چھ عام شہری زخمی ہوگئے ہیں، سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹنٹوں نے پیر کو دوپہر کے وقت قصبہ بارہمولہ میں آزاد گنج برج کے نزدیک فوج کے ایک قافلے کو نشانہ بناکر گرینیڈ داغا۔ تاہم گرینیڈ کا نشانہ چوک گیا اور سڑک کے کنارے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کم از کم چھ عام شہری زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجہ کے لئے میڈیکل کالج و اسپتال بارہمولہ منتقل کیا گیا ہے۔ دریں اثنا سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔


31 Aug 2020, 2:52 PM

30 ستمبر تک بین الاقوامی پروازوں پر رہے گی پابندی

نئی دہلی: ڈائرکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے بین الاقوامی پروازوں پر پابندی میں 30 ستمبر تک توسیع کردی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل نے آج ایک سرکلر جاری کیا، جس میں 31 اگست سے 30 ستمبر تک اس سلسلہ میں جاری آرڈر کی مدت میں توسیع کی گئی ہے۔ اس نے واضح کیا ہے کہ اس حکم کا اطلاق کارگو طیاروں اور خصوصی اجازت یافتہ پروازوں پر نہیں ہوگا۔ نیز منتخب روٹوں پر باقاعدہ بین الاقوامی پروازوں کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کووڈ ۔19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے 22 مارچ سے ملک میں بین الاقوامی پروازیں بند ہیں۔ گھریلو پروازوں پر بھی 25 مارچ سے پابندی عائد تھی، لیکن 25 مئی سے محدود تعداد میں گھریلو پروازیں شروع کردی گئیں ہیں۔

31 Aug 2020, 1:43 PM

سابق صدر پرنب مکھرجی کی حالت بگڑی

نئی دہلی؛ سابق صدر پرنب مکھرجی کی حالت اتوار کے بعد سے خراب ہے اور وہ ابھی بھی بے ہوشی کی حالت میں وینٹی لیٹر پر ہیں۔ پرنب مکھرجی کو گزشتہ دس اگست کو فوج کے ریسرچ اینڈ ریفرل اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسپتال نے آج جاری میڈیکل بلیٹن میں کہا،’’پرنب مکھرجی کی حالت میں اتوار کے بعد سے گراوٹ درج کی گئی ہے۔ پھیپھڑے میں انفیکشن کی وجہ سے ان کے کچھ دیگر اعضا کی کارکردگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ ماہرڈاکٹروں کی ٹیم ان کی حالت پر سخت نظر رکھے ہوئے ہے۔ وہ مسلسل گہری بے ہوشی میں اور وینٹیلیٹر پر ہیں۔‘‘ سابق صدر کے دماغ میں جمے خون کو ہٹانے کے لئے پچھلے دنوں ان کا آپریشن کیا گیا تھا۔


31 Aug 2020, 12:36 PM

سپریم کورٹ نے پرشانت بھوشن پر لگایا ایک روپے کا جرمانہ

سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں وکیل پرشانت بھوشن کے خلاف سزا کا اعلان کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے پرشانت بھوشن پر ایک روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے، ایک روپے کی عدم ادائیگی کے نتیجے میں 3 ماہ کی سزا اور عدالت میں پریکٹس پر تین سال کی پابندی لگا دی جائے گی۔

31 Aug 2020, 11:53 AM

مدھیہ پردیش: ٹرک حادثے میں ڈرائیور کی موت

ساگر: مدھیہ پردیش کے ضلع ساگر کے باندری تھانہ علاقے میں ٹرک کے بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہونے سے ڈرائیور کی موت ہو گئی اور ہیلپر زخمی ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق پالی سے ساگونی شاہراہ پر گزشتہ شب پیش آئے ایک حادثے میں ٹرک ڈرائیور میگراج یادو کی موت ہو گئی اور اس کا ہیلپر زخمی ہوگیا ۔ زخمی کو نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پالی ساگونی شاہراہ پرتیز رفتار ٹرک کے بے قابو ہو کر پلیا کے پاس پلٹنے سے یہ حادثہ پیش آیا۔


31 Aug 2020, 10:50 AM

وزیر اعظم مودی نے اونم کی دی مبارکباد

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو اونم کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انوکھا تہوار ہے جس میں ہم آہنگی کا جشن منایا جاتا ہے۔ جنوبی ہندوستان کی ریاست کیرالہ میں اونم ایک اہم تہوار ہے۔ یہ کیرالہ کا ایک ریاستی تہوار بھی ہے۔ اونم کا تہوار ہر سال ستمبر میں راجہ مہابلی کے استقبال کے لئے منعقد کیا جاتا ہے جو 10 دن تک جاری رہتا ہے۔ اس تہوار کا آغاز کیرالہ کے ترککارا ( کوچی کے قریب) وامن مندر سے آغاز ہوتا ہے۔ مودی نے کہا ’’آپ سب کو اونم کی مبارکباد۔ یہ ایک انوکھا تہوار ہے جس میں ہم آہنگی کا جشن منایاجاتا ہے۔ یہ ایک ایسا موقع ہے جب ہم اپنے محنتی کسانوں سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ سب خوش اور صحت مند رہیں۔ ‘‘ وزیر اعظم نے اپنے ٹوئٹر پر اونم کی مبارکباد دیتے ہوئے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔

31 Aug 2020, 10:22 AM

مصر میں کورونا کے مزید 230 نئے معاملے, 25 مریضوں کی موت

قاہرہ: اتوار کو مصر میں کورونا وائرس کے مزید 230 معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی یہاں اس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 98727 ہوگئی ہے۔ یہ اطلاع یہاں کی وزارت صحت نے دی ہے۔ بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 25 مریضوں کی موت ہوئی ہے جس سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 5399 ہوگئی ہے جبکہ 818 مریض شفایاب ہوئے ہیں، جس سے صحت مند ہونے والوں کی تعداد 72120 ہوگئی ہے۔


31 Aug 2020, 9:16 AM

برازیل میں کورونا سے مزید 366 مریضوں کی موت

ریو ڈی جنیریو: برزایل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 366مریضوں کی موت کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 120828 ہوگئی ہے، یہ اطلاع برازیل کی حکومت نے دی ہے۔ یہاں کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ برازیل میں مزید 16158 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 3862311 ہوگئی ہے۔ برازیل میں گزشتہ کچھ دنوں سے کورونا سے مرنے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے لیکن متاثرین کی تعداد یہاں مسلسل بڑھ رہی ہے۔

برازیل امریکہ کے بعد دنیا میں ایسا دوسرا ملک ہے جو کورونا وائر س سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ آبادی کے لحاظ سے برازیل کی سب سے بڑی ریاست ساؤ پالو میں کورونا وائرس کے 803404 کیسز سامنے آئے ہیں اور 29978 مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔ ریو ڈی جنیریو میں 223302 کیسز اور 16027 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ کیارا میں 214457 کیسز اور 8384 ہلاک ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔